اگلی حکومت جے یو آئی کی ہو گی، بڑا دعویٰ کر دیا گیا

لاہور (پی این آئی) جمعیت علماء اسلام ف کے مرکزی رہنماء مفتی کفایت اللہ نے کہا ہے کہ روک سکتے ہو تو روک لو، خیبرپختونخواہ میں آئندہ حکومت جے یوآئی (ف) کی ہوگی،پی ٹی آئی کی حکومت 8 سالوں میں خیبرپختونخواہ میں ڈلیور نہیں کرسکی، تحریک انصاف کا جہاں سے عروج شروع ہوا وہیں پرزوال ہورہا ہے۔ انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جے یوآئی ف 2018 میں بھی الیکشن جیت چکی تھی۔

لیکن ہماری کامیابی کو ناکامی میں تبدیل کردیا گیا، لیکن جے یوآئی کو بہت زیادہ فائدہ اس بات سے ہوا کہ ہماری سخت مخالف حکومت پی ٹی آئی خیبرپختونخواہ میں ڈلیور نہیں کرسکی، تحریک انصاف کی خیبرپختونخواہ میں حکومت دو مدتیں رہی جہاں پر ان کا عروج شروع ہوا وہیں پر ان کا زوال ہورہا ہے۔ان کو تسلیم کرلینا چاہیے کہ ہمیشہ جیت نہیں ہوتی شکست بھی ہوتی ہے، ان کو اپنی شکست تسلیم کرنی چاہیے بہانے نہیں بنانے چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے لوگ اگر برا نہ منائیں تو صوبے میں انتخابی نشان بلا نفرت کی علامت بن گیا ہے۔ ان کے لوگوں نے انتخابی نشان لینے سے انکار کیا اور الیکشن آزاد حیثیت میں لڑا۔اب یہ قصہ پارینہ ہے، اب لوگ کہیں گے کہ ایک تحریک انصاف تھی جو وہاں سے ختم ہوئی جہاں اس کو عروج ملا تھا۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو پیغام دیتا ہوں کہ کچھ کرسکتے ہو تو کرلو، روک سکتے ہو تو روک لو، خیبرپختونخواہ میں آئندہ حکومت جے یوآئی (ف) کی ہوگی۔ دوسری جانب پی ٹی آئی رہنماء شوکت یوسفزئی نے کہا کہ مانتے ہیں کہ غلطیوں کی وجہ سے ایسے نتائج آئے، مانتے ہیں سیٹیں کم حاصل کیں، لیکن ہمیں ووٹ زیادہ پڑے ہیں، تحریک انصاف کے ووٹوں میں اضافہ ہوا ہے، ابھی کچھ پولنگ اسٹیشن کے نتائج آنا باقی ہیں، خیبرپختونخوا میں ابھی بھی ہمارے ووٹ سب سےز یادہ ہیں۔

close