خیبرپختونخوا بلدیاتی الیکشن میں شکست، وزیراعظم نے کس کس کیخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کر لیا؟ بڑے بڑے رہنمائوں کی شامت آگئی

اسلام آباد(پی این آئی) وزیر اعظم عمران خان نے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات میں شکست کے اسباب سے متعلق جائزہ رپورٹ کے بعد پارٹی فیصلے کے مخالف جانے والے ارکان کو ابتدائی طور پر شوکاز نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس ضمن میں خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ محمود خان نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی اور انہیں بلدیاتی انتخابات میں شکست سے متعلق جائزہ رپورٹ پیش کی۔

رپورٹ میں بلدیاتی انتخابات میں پارٹی امیدواروں کو سپورٹ نہ کرنے والے دیگر اضلاع کے اراکین اسمبلی کے نام شامل ہیں۔وزیراعظم عمران خان نے بلدیاتی انتخابات میں شکست کے ذمہ داروں کے خلاف کاروائی کی ہدایت کرتے ہوئے مزید مشاورت کے لیے کور کمیٹی کا اجلاس بلانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے تعلق رکھنے والے ذرائع نے بتایا کہ شوکاز نوٹس جواب کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔خیال رہے کہ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات میں شکست پر رپورٹ تیار کرلی گئی ہےجبکہ وزیراعظم نے خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ محمود خان کو طلب کیا تھا۔ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعلی محمود خان کی ہدایت پر بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف کی شکست کی وجوہات پر رپورٹ تیار کرلی۔ جس میں انکشاف ہوا ہے کہ پی ٹی آئی کی شکست کی بنیادی وجہ مہنگائی کے علاوہ بڑے اندرونی اختلافات تھے۔

بعض ارکان اسمبلی کی جانب سے تحریک انصاف کے نامزد امیدواروں کو سپورٹ نہیں کیا گیا۔تحریک انصاف کے ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کو رپورٹ پیش کرنے سے قبل وزیراعلی محمود خان کی قریبی صوبائی وزراء سے مشاورت جاری ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مخالف امیدواروں کو سپورٹ کرنے پر دو ارکان قومی اسمبلی اور چار ارکان صوبائی اسمبلی کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close