وفاقی حکومت نے سال 2022 کی تعطیلات کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا

اسلام آباد (پی این آئی) وفاقی حکومت نے سال 2022 کی تعطیلات کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا، آئندہ سال کے دوران 15 عام تعطیلات اور 20 اختیار تعطیلات ہوں گی، 6 عام تعطیلات اتوار کے روز ہوں گی۔ تفصیلات کے مطابق آئندہ سال 2022 کیلئے چھٹیوں کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔ نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کی رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت نے چھٹیوں کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا۔

وفاقی حکومت کے نوٹیفکیشن میں 2022 کیلئے عام تعطیلات اور اختیار چھٹیوں کی تفصیلات بتائی گئی ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق سال 2022 میں کل 15 عام تعطیلات ہوں گی، تاہم شہریوں کیلئے مایوس کن خبر یہ ہے کہ 15 میں سے 6 عام تعطیلات اتوار کے روز ہوں گی۔ اس کے علاوہ سال 2022 کے دوران 20 اختیاری تعطیلات بھی دی جائیں گی۔سال 2022 کی پہلی عام تعطیل 5 فروری کو یوم کشمیر کے سلسلے میں دی جائے گی۔اس کے بعد 23 مارچ کو یوم پاکستان کے سلسلے میں ملک بھر میں عام تعطیل ہو گی۔ یکم مئی 2022 کو یوم مزدور کی عام تعطیل ہوگی، 3 سے 5 مئی 2022 عید الفطر کی 3 چھٹیاں ہونگی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق 10 سے 12 جولائی کو عیدالاضحیٰ کی 3 چھٹیاں ہونگی، 7 اور 8 اگست کو نویں اور دسویں محرم کی چھٹیاں ہونگی، 14 اگست کو یوم آزادی کی عام تعطیل ہوگی، 9 اکتوبر کو عید میلاد النبیﷺ کی عام تعطیل ہوگی۔

25 دسمبر 2022 کو یوم قائداعظم/کرسمس کی عام تعطیل ہوگی۔نوٹیفکیشن کے مطابق 26 دسمبر کو مسیحی برادری کیلئے یوم کرسمس کے بعد کی عام تعطیل ہوگی۔ نوٹیفیکیشن میں وضاحت کی گئی ہے کہ سال 2022 میں اسلامی چھٹیاں متوقع تاریخ کے حساب سے طے کی گئی ہیں، چاند کی رویت کے حساب سے چھٹیوں کا الگ نوٹیفکیشن بھی جاری کیا جائے گا۔ جبکہ بینک تعطیلات کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ 2 جنوری اور 4 اپریل کو بینکوں میں تعطیل ہو گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close