خیبرپختونخوا بلدیاتی الیکشن میں پی ٹی آئی کی شکست کے ذمہ دار اسد قیصر سمیت کون کونسے رہنما نکلے؟ تہلکہ خیز رپورٹ وزیراعظم کو پیش کر دی گئی

پشاور(پی این آئی) خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کی اپ سیٹ شکست کے حوالے سے تحقیقات رپورٹ وزیراعظم عمران خان کو پیش کردی گئی ہے۔ رپورٹ میں گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر،9اراکین صوبائی اسمبلی اور 4 اراکین قومی اسمبلی کو ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق رپورٹ پورٹ میں اضلاع کی سطح پر ذمہ داروں کا تعین کیا گیا،مہنگائی کی وجہ افراط زر، مہنگائی اور اندرونی اختلافات کوقرار دیا گیا۔رپورٹ میں ​کہا گیا ہے کہ پشاور میئر کا ٹکٹ گورنر اور صوبائی وزرا کامران بنگش،تیمور جھگڑا کی سفارش پر دیا گیا۔پی ٹی آئی کا امیدوار کم مارجن سے ہارا،پشاور میں ارباب شہزاد کے خاندان نے امیدوار کی مخالف کی۔پشتہ خرہ میں تحصیل کونسل کا ٹکٹ گورنر کی سفارش پر دیا گیا مگر اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔متعلقہ ایم پی اے افضل الشکور نے امیدوار کے خلاف مہم چلائی۔بڈھ پیر میں گورنر اور رکن قومی اسمبلی ناصر موسی زئی کی مخالفت کے باعث شکست ہوئی۔مردان کے تمام ٹکٹ عاطف خان نے دئیے مگر کوئی نشست نہیں جیتے۔

کوہاٹ میں ٹکٹ سیف اللہ نیازی کی سفارش پر دئیے گئے مگر تمام امیدوار ناکام ہوئے۔صوابی میں ٹکٹ شہرام ترکئی اور اسد قیصر کی سفارش پر دئیے گئے مگر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کو خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور حکمران پارٹی میئر کی کوئی بھی نشست اپنے نام نہ کرسکی تھی جبکہ تحصیل کونسل کی زیادہ تر سیٹیں بھی جے یو آئی (ف) نے جیتیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close