لاہور (پی این آئی) پنجاب کے کالجز اور یونیورسٹیز میں موسم سرما کی چھٹیوں کا باقاعدہ اعلان کر دیا گیا۔ صوبہ بھر میں کالجز اور یونیورسٹیز 23 دسمبر سے 6 جنوری تک بند رہیں گے۔ تفصیلات کے مطابق ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے صوبے کالجز اور یونیورسٹیز میں موسم سرما کی تعطیلات کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ایچ ای ڈی پنجاب کی جانب سے ٹوئیٹر اکاؤنٹ پر جاری پیغام کے مطابق موسم سرما کی تعطیلات 23 دسمبر سے 6 جنوری تک ہوں گی۔
ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے اس ضمن میں ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ اسٹاف کو سو فیصد ویکسینیشن کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز پنجاب بھر کے کالجز اور یونیورسٹیز میں موسم سرما کی چھٹیوں کے حوالے سے گردش کرنے والا نوٹیفیکیشن جعلی نکلا تھا جس کی پنجاب ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے اپنے ٹوئیٹر اکاؤنٹ سے تردید بھی کی تھی۔
بتایا گیا تھا کہ پنجاب کے کالجوں اور یونیورسٹیوں میں موسم سرما کی تعطیلات کے حوالے سے سوشل میڈیا اور نیوز چینلز پر جعلی دستاویز گردش کر رہی ہیں۔ پنجاب ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے بتایا گیا کہ کالجز اور یونیورسٹیز میں چھٹیوں سے متعلق ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ اس ضمن میں صارفین کو کہا گیا ہے کہ محکمے کو فالو کریں۔ تاہم ایچ ای ڈی پنجاب کی جانب سے موسم سرما کی تعطیلات کا اب باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں