بلدیاتی الیکشن میں جیتنے والے آزاد امیدوار کس سیاسی جماعت میں شامل ہوں گے؟ بڑا دعویٰ کر دیا گیا

پشاور (پی این آئی) علی امین گنڈاپور کے مطابق جیتنے والے آزاد امیدوار تحریک انصاف میں شامل ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواہ کے بلدیاتی انتخابات کے نتائج پر تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی علی امین گنڈاپور نے ردعمل دیتے ہوئے بڑا دعویٰ کیا ہے۔ نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ 25 تاریخ کو مکمل نتیجہ آئے گا تو تحریک انصاف سب سے بڑی پارٹی ہو گی۔

چئیرمین کمشیر کمیٹی کے مطابق جیتنے والے آزاد امیدوار تحریک انصاف میں شامل ہوں گے، اب بھی کہتا ہوں مکمل نتیجہ آئے گا تو پی ٹی آئی لیڈنگ پارٹی ہو گی۔ علی امین گنڈاپور کا مزید کہنا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں شکست کی وجہ یہ ہے کہ تحریک انصاف نے فتح حاصل کرنے کی کوشش ہی نہیں کی، کچھ لوگوں کے متنازعہ بیانات پارٹی کیلئے نقصان دہ ثابت ہوئے، جبکہ کچھ جگہوں پر ٹکٹس کی تقسیم ٹھیک نہیں ہوئی۔دوسری جانب تحریک انصاف کے دیگر رہنماوں کی جانب سے بھی انتخابی نتائج پر ردعمل دیا گیاہے۔خیبرپختونخواہ کے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں ہونے والی شکست پر تحریک انصاف کے رہنماوں کی جانب سے مختلف وضاحتیں پیش کی جا رہی ہیں۔ تحریک انصاف کے سینیٹر شبلی فراز کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کو تحریک انصاف سے شکست ہوئی، جبکہ جیتی بھی تحریک انصاف۔اگر ایسا نہ ہوتا تو پی ٹی آئی مزید 14 اضلاع میں فتحیاب ہوتی۔

جبکہ رکن خیبرپختونخواہ اسمبلی شوکت یوسفزئی کا دعویٰ ہے کہ آزاد امیدواروں کی بڑی تعداد کا تعلق پی ٹی آئی سے ہے، آزاد امیدواروں نے بینرز پر عمران خان کی تصویر استعمال کی اور الیکشن جیت گئے، اندرونی اختلافات کی وجہ سے پارٹی کو نقصان ہوا۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ جیتنے والے کئی آزاد امیدوار تحریک انصاف کے حمایت یافتہ ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close