کے پی کے بلدیاتی الیکشن میں جے یو آئی نے اتنے ووٹ حاصل کر لئے کہ تحریک انصاف اور آزاد اُمیدوار ملکر بھی حاصل نہ کر سکے

پشاور (پی این آئی) خیبر پختونخوا کے 17 اضلاع میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں جمعیت علماء اسلام ف (جے یو آئی) سب سے بڑی پارٹی بن کر سامنے آئی ہے جس نے اب تک کے نتائج میں نہ صرف سب سے زیادہ نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے بلکہ سب سے زیادہ ووٹ بھی لیے ہیں۔اب تک تحصیل کونسل کی 64 میں سے 55 نشستوں کے نتائج سامنے آچکے ہیں ۔ جے یو آئی ف تحصیل کونسل کی 19 نشستوں پر کامیابی حاصل کرکے سب سے بڑی جماعت بن گئی ہے۔

حکمران جماعت تحریک انصاف 14، آزاد امیدوار آٹھ، عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) سات، مسلم لیگ ن تین، جماعت اسلامی دو ، پیپلز پارٹی اور ٹی آئی پی نے ایک ایک نشست پر کامیابی حاصل کی ہے۔اب تک کے نتائج میں جے یو آئی نے نہ صرف سب سے زیادہ نشستیں حاصل کی ہیں بلکہ سب سے زیادہ ووٹ بھی لیے ہیں۔ جے یو آئی کے امیدواروں کو اتنے ووٹ پڑے ہیں جتنے پی ٹی آئی اور آزاد امیدواروں کو ملا کر بھی نہیں پڑے۔جے یو آئی نے اب تک چار لاکھ 73 ہزار 886 ووٹ حاصل کیے ہیں۔ تحریک انصاف کو دو لاکھ 36 ہزار 178 اور آزاد امیدواروں کو ایک لاکھ 67 ہزار 171 ووٹ ملے ہیں۔ اگر تحریک انصاف اور آزاد امیدواروں کے ووٹ جمع بھی کرلیے جائیں تو یہ چار لاکھ تین ہزار 349 بنتے ہیں جو جے یو آئی کے ووٹوں سے 70 ہزار 573 کم ہیں۔اس کے علاوہ اے این پی کو ایک لاکھ 66 ہزار 762، مسلم لیگ ن کو 72 ہزار 752، پیپلز پارٹی کو 36 ہزار 342 اور جماعت اسلامی کو 32 ہزار 445 ووٹ ملے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close