خیبرپختونخوا میں خونی بلدیاتی الیکشن، مختلف واقعات میں کتنے افراد جان سے گئے اور کتنے زخمی ہوئے؟ افسوسناک تفصیلات آگئیں

پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن) خیبرپختونخواکے 17 اضلاع میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات خونی ثابت ہوئے، فائرنگ کے متعدد واقعات کے دوران دو افراد جاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق بلدیاتی الیکشن کیلئے پولنگ کے دوران کئی مقامات پر کارکنوں میں جھگڑا ہوا، ایک دوسرے پر دھاندلی کے الزامات بھی لگائے گئے، خیبر میں پولنگ سٹیشن پر فائرنگ اور توڑ پھوڑ کی گئی۔

کرک میں پولنگ سٹیشن پر جھگڑے کے دوران فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق، 4 زخمی ہو گئے۔پشاور کی تحصیل شاہ عالم میں خواتین کے پولنگ سٹیشن پر جھگڑا ہوا۔ کاکشال اور واحد گڑھی میں بھی ہنگامہ آرائی ہوئی، امیدوار ایک دوسرے پر دھاندلی کا الزام لگاتے رہے۔ پشتخرہ میں خواتین کے پولنگ سٹیشن میں مرد کی موجودگی پر ہنگامہ آرئی ہوئی، پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کرلیا۔چار سدہ میں بھی پولنگ ایجنٹس لڑ پڑے جس سے ووٹنگ کا عمل متاثر ہوا۔ ڈیرہ اسماعیل خان کے گرہ حیات پولنگ سٹیشن میں دو امیدواروں میں لڑائی ہوئی جس سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔ پولیس نےفائرنگ کرنے والے شخص کو گرفتار کر لیا۔ڈیرہ اسماعیل خان قیوم نگر پولنگ سٹیشن پر جعلی ووٹ ڈالنے کی کوشش کرنے والا پکڑا گیا، خیبر تحصیل باڑہ یوسف پولنگ سٹیشن پر فائرنگ کاتبادلہ ہوا۔ لنڈی کوتل بازار ذخہ خیل میں پولنگ سٹیشن میں توڑ پھوڑ کی گئی۔

بنوں ڈومیل میں دو آزاد امیدواروں کے حامیوں میں جھگڑا ہوا جس کے باعث دو پولنگ سٹیشنز پر ووٹنگ کا عمل روک دیا گیا۔بونیر میں فائرنگ اور لڑائی جھگڑے کے دوران 10افراد زخمی ہوگئے۔درہ آدم خیل کے علاقہ میں مشعل افراد نے پولنگ سٹیشن کو آگ لگادی جس کے باعث انتخابی عمل روکنا پڑا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں