اسلام آباد (پی این آئی) سینئر صحافی عمران یعقوب خان کا کہنا ہے کہ نواز شریف سے اہم حلقوں نے رابطے کیے ہیں جس کا مقصد عمران خان سے چھٹکارا حاصل کرنا ہے۔انہوں نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام ویو پوائنٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سے لندن میں اہم سیاسی رہنماؤں نے ملاقات کی ہے۔
ہمارے واقفان حال کے مطابق صرف ن لیگ اور پیپلزپارٹی کو اکٹھا کرنے کی کھچڑی نہیں پک رہی بلکہ کھچڑی یہ پک رہی ہے کہ وزیراعظم عمران خان سے چھٹکارا کیسے حاصل کیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ صرف سیاسی رہنماؤں کی نواز شریف سے ملاقات نہیں ہوئی بلکہ کچھ اور اہم لوگوں نے بھی نواز شریف سے ملاقاتیں کی ہیں۔نواز شریف نے جو سگنل دیا ہے کہ مسلم لیگ نون کی جانب سے وزارت عظمی کے اگلے امیدوار شہباز شریف ہوں گے یہ بھی ایسے ہی نہیں ہوا۔وزیراعظم عمران خان نے بھی اپنی توپوں کا رخ ایک بار پھر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی جانب کر لیا ہے جس کے پیچھے یہی وجہ ہے۔کہا جارہا ہے کہ مارچ تک یا اس سے پہلے بھی کوئی بڑی تبدیلی آسکتی ہے۔جبکہ دوسری جانب سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف نے شاہد خاقان سے اتفاق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم کے امیدوار شہباز شریف ہوں گے۔
انہوں نے پروگرام ’ کیپٹل ٹاک‘ میں گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا ہے کہ شاہد خاقان عباسی سے اتفاق ہے کہ وزیراعظم کے امیدوار شہباز شریف ہوں گے۔شاہد خاقان عباسی نے حقائق کی روشنی میں یہ بات کی ہے۔ شاہد خاقان عباسی کی بات آج کے تناظر میں درست ہے،محمد زبیر نے مستقبل کی بات کی ہے۔ووٹ کو عزت دو والی بات نظریاتی اور اس کی بنیاد پر فارمنس ہے۔شاہد خاقان عباسی پارٹی کے سینئر نائب صدر ہیں اور محمد زبیر سے زیادہ مستند آواز ہیں۔مریم نواز ہماری پارٹی کا مستقبل ہیں۔پارٹی میں مریم نواز کا ایک مقام ہے جو غیر متنازع ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں