گھر میں پراسرار آگ لگنے سے ماں جاں بحق،3 سالہ بچی شدید زخمی ہو گئی

کراچی (پی این آئی) گھر میں آگ لگنے سے ماں جاں بحق، تین سال کی بچی شدید زخمی ہو گئی۔ مقامی پولیس کے مطابق کراچی سینٹرل کے علاقے لیاقت آباد میں واقع ایک گھر میں پراسرار طور پر آگ لگنے سے جھلس کر 32 سالہ خاتون جاں بحق جبکہ اس کی 3 سالہ بچی شدید زخمی ہو گئی ہے۔ یہ واقعہ لیاقت آباد میں ڈاک خانہ چوک کے قریب اعظم نگر میں پیش آیا۔ پولیس حکام نے بتایا ہے کہ گھر کا مالک شکیل صبح کام پر چلا گیا تھا،

اس کی 32 سالہ اہلیہ عظمیٰ 3 سالہ بچی کہکشاں کے ساتھ گھر میں سو رہی تھی کہ پراسرار طور پر آگ لگ گئی جس سے ماں بیٹی شدید جھلس گئیں۔ واقعے کے زخمیوں کو فوری طور پر سول ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں برنس سینٹر کے عملے نے 32 سالہ عظمیٰ شکیل کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کر دی جبکہ 3 سالہ بچی کہکشاں کو ہسپتال داخل کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق آتشزدگی کی وجوہات جاننے کے لیے پولیس کی خصوصی ٹیم طلب کر لی گئی ہے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close