موسم کی صورتحال خراب، انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل کر دیا گیا، مسافر شدید پریشان

لاہور (پی این آئی) علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل کر دیا گیا۔ فلائٹ آپریشن کی معطلی کا فیصلہ دھند میں اضافے کے باعث کیا گیا، مسافروں کو ایئرپورٹ آنے سے قبل فلائٹ انکوائری سے رابطہ کرنے ہدایت۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں شدید دھند کا راج ہے جس کی وجہ سے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل کر دیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن کی معطلی کا فیصلہ دھند میں اضافے کے باعث کیا گیا۔ ایئرپورٹ انتظامیہ نے مسافروں کو ایئرپورٹ آنے سے قبل فلائٹ انکوائری سے رابطہ کرنے کی ہدایات بھی جاری کی ہیں۔ اس سے قبل شدید دھند کے باعث موٹروے پولیس کی جانب سے موٹروے ایم 11 کو لاہورسے سیالکوٹ تک بند کر دیا گیا، جبکہ موٹروے ایم 3 کو بھی لاہور سے سمندری تک بند کیا گیا ہے۔ٹریفک پولیس کے مطابق بابو صابو اور ٹھوکر نیازبیگ انٹرچینج کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ شدید دھند کی وجہ سے عوام کے معمولات زندگی معطل ہو کر رہ گئے ہیں، دھند کی وجہ سے فضائی اور زمینی راستوں سے سفر کرنے والے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، لاہورمیں دھند کی وجہ سے تعلیمی اداروں میں جانے والے طلبہ، سرکاری اورنجی ملازمین کو دفاتر پہنچنے میں بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔لاہور میں شدید دھند کی وجہ سے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر فلائٹ آپریشن بھی بری طرح متاثرہوا، حد نگاہ 50 میٹر ہونے پر ائیر پورٹ کی پروازوں کی آمدورفت کیلئے بند کردیا گیا ہے، کئی پروازیں منسوخ اورمتعدد ٹرینوں کا شیڈول تبدیل کردیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق شارجہ سے آنے والے پرواز پی ای 413 اور ریاض سے آنے والی پرواز ایکس وائے 317 کو منسوخ کردیا گیا۔مسقط سے آنے والی پرواز ڈبلیو وائے 341، کویت سے آنے والی پرواز جی9501 ،استنبول سے آنے والی پرواز ٹی کے 714، کراچی سے آنے والی پی کی302 اورترکش ائیر لائن کی پرواز یںایک سے آٹھ گھنٹے تاخیر کا شکار رہیں۔ قومی اور نجی ایئرلائنز کی اندرون ملک چلنے والی پروازیں بھی موسم کی خرابی کی وجہ سے تاخیر کا شکاررہیں۔ دوسری جانب شدید دھند کی وجہ سے موٹروے کو کئی مقامات پر بند کردیا گیا جس سے موٹروے پر گاڑیوں کی قطاریں لگی رہیں۔ریلوے کا ٹرین آپریشن بھی تاخیر کا شکار رہا اورمتعدد ٹرینیں 5 گھنٹے تک تاخیر کا شکار رہیں۔

رپورٹ کے مطابق عوام ایکسپریس 5 گھنٹے، جعفر ایکسپریس 3 گھنٹے ،شالیمار ایکسپریس 3 گھنٹے ، کراچی ایکسپریس 3 گھنٹے ،تیز گام ایکسپریس ڈھائی گھنٹے ،شاہ حسین ایکسپریس ڈھائی گھنٹے ،علامہ اقبال ایکسپریس ڈھائی گھنٹے ،رحمان بابا ایکسپریس سوا 2گھنٹے گھنٹے ،ملت ایکسپریس 2 گھنٹے ،پاکستان ایکسپریس 2 گھنٹے ،سرسید ایکسپریس ،گرین لائن ایکسپریس ڈیڑھ ،ڈیڑھ گھنٹہ تاخیر ،خیبر میل ایکسپریس ڈیڑھ گھنٹہ اورفرید ایکسپریس 1 گھنٹہ تاخیر کا شکار رہی جس کی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامناکرنا پڑا۔ دھند کی وجہ سے شاہراہوں پر ٹریفک سست روی کا شکار رہی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close