بجلی کے بِلوں کی قسطوں پر ادائیگی کی سہولت ختم کر دی گئی، شہریوں کیلئے پریشان کن خبر آگئی

لاہور (پی این آئی) بجلی صارفین کیلئے اقساط میں بل جمع کروانے کی سہولت ختم، لیسکو نے بجلی کے بلوں کی اقساط کرنے پر تاحکم ثانی پابندی عائد کر دی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے کروڑوں صارفین کو بری خبر سنائی گئی ہے۔ایک جانب صارفین کو موسم سرما میں بھی بھاری بھرکم بل موصول ہو رہے، تو دوسری جانب بجلی صارفین کو دی جانے والی اہم سہولت بھی ختم کر دی گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق لیسکو نے بجلی کے بلوں کی اقساط کرنے پر تاحکم ثانی پابندی عائد کر دی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ لیسکو نے گھریلو، کمرشل اور صنعتی صارفین کے بلوں کی اقساط پر پابندی لگائی ہے۔ آئندہ سے صرف ایک ماہ کے بجلی کے بل پر بھی گھریلو صارفین کو اقساط کی سہولت فراہم نہیں کی جائے گی۔لیسکو ذرائع کے مطابق ریکوری اہداف کے مکمل حصول کیلئے بجلی کے بلوں کی اقساط کی سہولت پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اس کے علاوہ بجلی کے کنکشن کاٹنے کی وارننگ بھی جاری کی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ایسے صارفین جنہوں نے 2 یا 3 ماہ سے زائد عرصہ تک بل جمع نہ کرویا ہو، ان صارفین کے بجلی کے کنکشن منقطع کر دیے جائیں گے۔ لیسکو کے تمام دفاتر کے دروازوں پر بجلی کے بلوں کی اقساط کرنے پر پابندی عائد کیے جانے کا نوٹس آویزاں کر دیا گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں