ثاقب نثار کی لیک آڈیو سچ ہوئی تو حکومت گر جائے گی، رانا شمیم کے بیٹے کا دعویٰ

اسلام آباد (پی این آئی) سابق چیف جسٹس گلگت بلتستان رانا شمیم کے صاحبزادے احمد حسن رانا نے کہا کہ اگر رانا شمیم کا حلف نامہ اور ثاقب نثار کی لیک آڈیو سچ ہوئی تو حکومت گر جائے گی۔ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے احمد حسن رانا نے کہا کہ ثاقب نثار کی مبینہ آڈیو لیکس بھی آگئی ہے ، آڈیو پر انکوائری شروع ہوگئی تو بیان حلفی پیچھے چلا جائے گا کیونکہ وہ آڈیو عدالت میں زیادہ قابل قبول ثبوت ہے۔

ثاقب نثار کی آڈیو صحیح ثابت ہونے سے میرے والد کا بیان حلفی درست ثابت ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ اگر والد نے اگلی سماعت پر حلف نامہ جمع نہ کرایا تو ان پر توہینِ عدالت لگ جائے گی۔ لیکن اگر رانا شمیم کا حلف نامہ اور ثاقب نثار کی لیک آڈیو سچ ثابت ہوگئی تو عمران خان کی حکومت گر جائے گی۔انہوں نے کہا کہ بیان حلفی کیس میں عدالت نے فیصلہ نہیں قیاس ظاہر کیا ہے کہ رانا شمیم ساڑھے تین سال تاخیر سے یہ بات کیوں سامنے لائے، عدالت نے میرے والد کے کیس میں ابھی عبوری حکم دیا ہے۔انہوں نے والد سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر میرے والد مجھ سے مشورہ کرتے تو وہ یہی کہتے کہ ساڑھے تین سال بعد حلف نامہ جمع مت کروائیں کیوں کہ بہت دیر ہوچکی ہے لیکن سچ تو 3 کیا 10 سال بعد بھی سامنے آجائے تو کیس دوبارہ کھل سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے والد کے ضمیر پر بوجھ تھا کہ ثاقب نثار کی بات سنی اور کسی کے ساتھ ناانصافی ہورہی ہے، میرے والد یہ بات پہلے مجھ سے کرچکے تھے۔

ساڑھے تین سال بعد ایک سچ سامنے آگیا ہے تو لوگوں کو کیا مسئلہ ہورہا ہے۔فیصل واوڈا، فواد چوہدری، مراد سعید، اٹارنی جنرل انور منصور خان سمیت دیگر حضرات جو میرے والد صاحب کے بارے میں باتیں کررہے ہیں ، ان سے پوچھیں کہ ان کی چیخیں کیوں نکل رہی ہیں؟ احمد حسن رانا نے کہا کہ اگر میرے والد صدر بننے کی شرائط پوری کرتے ہیں تو کیوں صدر نہیں بن سکتے۔ احمد حسن رانا نے پروگرام میں گفتگو کے دوران کہا کہ عدالت نے میرے والد کے کیس میں ابھی عبوری حکم دیا ہے، عدالت نے بیان حلفی کورٹ میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے ہم اس پر عمل کرنے کے پابند ہیں، اگلی سماعت پر بیان حلفی کی اوریجنل کاپی عدالت میں جمع کروانا ہوگی اگر نہیں کروائی تو اس کے نتائج ہوں گے، میں اپنے والد رانا شمیم کی ہدایت پر برطانیہ نہیں گیا ہوں، میرے والد کے مطابق انہوں نے بیان حلفی کسی کو جاری نہیں کیا، ممکنہ طور پر بیان حلفی برطانیہ میں نوٹری پبلک سے لیک ہوا ہوگا، رانا شمیم کے نواسے بیرسٹر بن رہے ہیں انہیں خفیہ دستاویزات سنبھالنے کی عادت ہے ان سے یہ بیان حلفی لیک نہیں ہوسکتا۔انہوں نے مزید کہا کہ میرا سوال ہے کہ کیا یہ لوگ ثاقب نثار کے خاندان کے لوگ ہیں یا یہ ان کے وکیل ہیں؟

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close