ن لیگ اور پیپلزپارٹی تحریک عدم اعتماد لانے کیلئے تیار؟ حکومت کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی

لاہور (پی این آئی) مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی تحریک عدم اعتماد لانا چاہتی ہے تو ساتھ دینے کو تیارہیں۔انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر پیپلز پارٹی عدم اعتماد کی تحریک لانا چاہتی ہے تو کس نے روکا ہے، ہم اس کا بالکل ساتھ دینے کو تیار ہیں۔

پروگرام میں موجود پیپلز پارٹی کے رہنما چوہدری منظور نے کہا کہ لاہور این اے 133 پیپلز پارٹی کا حلقہ ہوتا تھا پھر آہستہ آہستہ جو بھی حالات بنے پیپلز پارٹی سے یہ حلقہ چھینا گیا۔جب کہ اینکر شہزاد اقبال نے کہا کہ پی ڈی ایم کے اتحاد کو بنے ایک سال سے زائد کا عرصہ ہو گیا ہے لیکن اس کے باوجود پی ڈی ایم ابھی تک حکومت کو گرانے کے لیے کوئی واضح لائحہ عمل نہیں دے سکی۔قبل ازیں بتایا گیا کہ اپوزیشن جماعتوں نے مرحلہ وار تحریک عدم اعتماد لانے پر اتفاق کیا۔پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے تجویز پیش کی گئی کہ اِن ہاؤس تبدیلی مرحلہ وار لائی جائے جس میں پہلے چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک لائی جائے گی۔سینیٹ میں کامیابی کے بعد قومی اسمبلی کے اسد قیصر کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائی جائے گی۔اپوزیشن جماعتوں کے مشترکہ لائحہ عمل کے لیے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کی اہم ملاقاتیں جاری ہیں۔

خورشید شاہ، خواجہ سعد رفیق اور شاہد اختر علی نے مسلم لیگ ق کے وفد سے ملاقات کی ہے۔مسلم لیگ ق کی جانب سے اپوزیشن سے تعاون پر بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔اپوزیشن نے مسلم لیگ ق سے حکومت سے علیحدگی اختیار کرنے اور انتخابی اصلاحات بل کی حمایت نہ کرنے کی درخواست بھی کی جس پر ق لیگ نے انتخابی اصلاحات بل کی حمایت سے انکار کر دیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں