گوجرانوالہ (پی این آئی)سیالکوٹ میں سری لنکن شہری پریانتھا کمارا قتل کیس میں گرفتار 26 مرکزی ملزمان کا 15 روزہ ریمانڈ منظور کرلیا گیا۔پیر کو گوجرانوالہ کی انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں ملزمان کو پیش کیا گیا،جہاں تمام ملزمان کے نام پکارے گئے اور حاضری کی تصدیق کی گئی۔عدالت میں ایک ملزم شعیب عرف گونگا نام پکارنے پر خاموش رہا، اس پر تفتیشی افسر نے بتایا کہ شعیب گونگا ہے بول نہیں سکتا۔حسنین نامی ملزم کو دیکھ کر فاضل جج نے کہا یہ تو کم
عمر لگتا ہے، عدالت نے ملزم سے اْس کی عمر پوچھی جس پر اس نے 16 سال اپنی عمر بتائی۔سماعت کے دوران عدالت نے ملزمان کا ریمانڈ دیتے ہوئے انہیں21 دسمبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔اس سے قبل گوجرانوالہ کی انسداد دہشتگردی عدالت میں سیالکوٹ پولیس نے گرفتار 26 مرکزی ملزمان کو سخت سیکیورٹی میں پہنچایا گیا، پولیس نے ملزمان کو 4 دسمبر کو مقدمے میں باضابطہ طور پر گرفتار کیا تھا۔گزشتہ روز چھٹی کے باعث پولیس نے مقامی عدالت سے ملزمان کا ایک
روزہ راہداری ریمانڈ حاصل کیا تھا۔ملزمان کی پیشی سے قبل سی پی او سید حماد عابد نیپہلے اے ٹی سی کورٹ کا دورہ کیا اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔واضح رہے کہ 3 روز قبل سیالکوٹ میں توہینِ مذہب کے الزام میں سیکڑوں افراد نے ایک فیکٹری کے سری لنکن منیجر کو تشدد کر کے قتل کر دیا تھا اور لاش جلا دی تھی۔سانحہ سیالکوٹ میں ملوث مزید 7 ملزمان کو پولیس نے گرفتار کیا ہیجس کے بعد واقعے میں اب تک 131 گرفتاریاں ہوچکی ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں