’ہم پیپلز پارٹی کے طرز عمل کو چیلنج کریں گے، چھوڑیں گے نہیں‘ الیکشن میں کامیابی کے باوجود ن لیگی رہنما علی پرویز پیپلزپارٹی پر برہم

لاہور (پی این آئی) این اے 133 کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ ن کی فاتح امیدوار شائستہ پرویز ملک کے صاحبزادے اور رکنِ قومی اسمبلی علی پرویز ملک نے الیکشن جیتنے کے باوجود پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی ) کو نشانے پر رکھ لیا۔اپنے ایک بیان میں علی پرویز ملک نے کہا یہ لمحہ فکریہ ہے کہ مخالفین سیاست میں غلاظت لے آئے ہیں، انہوں نے لوگوں کی مجبوریوں کا ناجائز فائدہ اٹھایا، راجہ پرویز اشرف نے لوگوں میں پیسے بانٹے، پرویز اشرف اور بلاول بھٹو پنجاب کو سیاسی قبرستان بنانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے سوال اٹھایا “پیپلز پارٹی نے ایسا کون سا کام کیا ہے کہ پانچ ہزار ووٹوں سے 30 ہزار پر آگئے، جو کراچی کا کوڑا نہیں اٹھا سکتے ، انہوں نے ایسا کیا کام کردیا، پیسے بانٹنے والی ویڈیو کی فرانزک کرائی جا رہی ہے، بس نتیجے کا انتظار ہے،ہم پیپلز پارٹی کے طرز عمل کو چیلنج کریں گے، چھوڑیں گے نہیں۔”خیال رہے کہ این اے 133 کی نشست مسلم لیگ ن کے پرویز ملک کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔ اس حلقے سے ان کی بیوہ شائستہ پرویز ملک نے 46 ہزار 811 ووٹ حاصل کرکے کامیابی اپنے نام کی جب کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چوہدری اسلم گل 32 ہزار 313 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔یہ بھی یاد رہے کہ عام انتخابات 2018 میں اسی حلقے سے مسلم لیگ ن کے پرویز ملک 89 ہزار 678 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے جب کہ پیپلز پارٹی کے اسلم گل صرف پانچ ہزار 585 ووٹ ہی حاصل کر پائے اور چوتھے نمبر پر رہے تھے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close