حلقہ این اے 133ضمنی الیکشن، ووٹوں کی گنتی جاری مگر ایسا کیا ہوا کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ دونوں کیلئے پریشانی کھڑی ہو گئی

لاہور (پی این آئی ) لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 133 میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں ووٹر ٹرن آؤٹ کم ہونے پر پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کی قیادت کو پریشانی لاحق ہوگئی‘ حمزہ شہباز نے رپورٹ طلب کرلی‘ آصف زرداری اوربلاول بھٹو بھی الیکشن کی رپورٹ لے رہے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق این اے 133 کے ضمنی الیکشن سے میں ووٹر ٹرن آؤٹ کم ہونے پر ن لیگی رہنماء حمزہ شہباز نے رپورٹ طلب کی ہے۔

جس کے لیے انہوں نے مسلم لیگ ن کے دیگر پارٹی رہنماوں سے ٹیلی فونک رابطے کیے ہیں ، اس کے علاوہ حمزہ شہباز نے مانیٹرنگ سیل کو بھی لوگوں سے رابطوں کی ہدایت کی ہے۔بتایا گیا ہے کہ این اے 133 کے ضمنی الیکشن ووٹر ٹرن آؤٹ کم ہونے پر پاکستان پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت نے بھی پریشانی کا اظہار کیا ہے ، اس حوالے سے سابق صدر اور پی پی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی لاہور کے اس ضمنی الیکشن کی رپورٹ لے رہے ہیں۔ادھر قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 133میں ہونے والے ضمنی الیکشن سے متعلق پنجاب حکومت کے ترجمان حسان خاور نے کہا ہے کہ آج نوٹوں کا جنازہ ہے ذرا دھوم سے نکلے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ این اے 133 میں انتخاب کا پوسٹ مارٹم پہلے ہی ہو چکا ہے جہاں ٹھپہ مافیا کے ماسٹر مائنڈ عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں اس لیے این اے 133 میں آج جو بھی جیتے عوام کو اس سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے مدمقابل نہ ہونے کے باوجود ن لیگ اور پیپلز پارٹی خوفزدہ ہیں کیوں کہ دھاندلی کے پرانے طریقے اب نہیں چلیں گے ، آئندہ انتخابات الیکشن اصلاحات کا ٹرائل ہوں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close