اسلام آباد (این این آئی)دفتر خارجہ نے سربیا میں پاکستانی سفارت خانے کی طرف سے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے مہنگائی اور تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف وزیر اعظم پر تنقیدی ٹوئٹ پر بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ سفارتخانے کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ہیک کر لیے گئے ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ سربیا میں پاکستانی سفارتخانے کے ٹوئٹر، فیس بک اور انسٹاگرام اکاؤنٹس ہیک کر لیے گئے ہیں اور ان اکاؤنٹس سے پوسٹ کیے گئے پیغامات سفارتخانے کے نہیں ہیں۔
قبل ازیں سفارت خانے کے آفیشل اکاؤنٹ سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں کہا گیا کہ جہاں مہنگائی تمام پچھلے ریکارڈز توڑ رہی ہے، عمران خان آپ کب تک یہ توقع کر سکتے ہیں کہ ہم سرکاری ملازمین خاموش رہیں گے اور گزشتہ تین ماہ سے تنخواہوں کی ادائیگی کے بغیر آپ کے لیے کام کرتے رہیں گے۔ٹوئٹ میں کہا گیا کہ ہمارے بچوں کو فیسوں کی عدم ادائیگی کی وجہ سے اسکولوں سے نکالا جارہا ہے، کیا یہ نیا پاکستان ہے۔ٹوئٹ میں وزیر اعظم پر تنقید کے ساتھ
ان کے مشہور جملے ’آپ نے گھبرانا نہیں ہے پر بنایا گیا پیروڈی گانا بھی شیئر کیا گیا۔ایک اور ٹوئٹ میں کہا گیا کہ عمران خان صاحب معذرت، لیکن میرے پاس اس کے علاوہ کوئی چارہ نہیں تھا۔دفتر خارجہ کے وضاحتی ٹوئٹ کے کچھ دیر بعد ہی سفارتخانے کے اکاؤنٹ سے ٹوئٹ ہٹ گئی۔وزیر اعظم کے فوکل پرسن برائے ڈیجیٹل میڈیا ڈاکٹر ارسلان خالد نے بھی ٹوئٹ میں کہا تھا کہ دفتر خارجہ کی رپورٹس کے مطابق اکاؤنٹ ہیک ہوگیا ہے اور وہ معاملے کی تحقیقات کر رہا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں