لاہور (آئی این پی )پنجاب حکومت نے پنجاب کے نئے بلدیاتی نظام میں ایک بار پھر تبدیلی کرتے ہوئے نچلی سطح پر بھی جماعتی بنیادوں پر انتخابات کرانے کا اعلان کر دیا، وزیراعلی عثمان بزدار نے منظوری دے دی، پنجاب حکومت نے پہلے میئر اور ضلع کونسل کی سطح پر جماعتی بنیادوں پر انتخابات کا اعلان کیا تھا۔ نیبر ہڈ کونسل اور ویلیج کونسل میں بھی غیر جماعتی بنیادوں پر انتخابات کا اعلان کیا گیا تھا۔
اب ترمیم کے بعد اوپر اور نچلی سطح پر دونوں انتخابات جماعتی بنیادوں پر براہ راست ہوں گے۔ دوسری جانب وزیراعلی عثمان بزدار سے نجی کمپنی کے آفیسر نے ملاقات کی جس میں انہوں نے کورونا وبا پر قابو پانے کیلئے وزیراعلی عثمان بزدار کے موثر اقدامات کو سراہا۔ اس موقع پر عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاروں کو ون ونڈو کے تحت سرمایہ کاری کی سہولت فراہم کی گئی ہے،
سرمایہ کاری کے حوالے سے زیرو این او سی کی پالیسی جلد متعارف کرائیں گے، انسپکٹر لیس رجیم کا نظام متعارف کرا چکے ہیں، لیبر لاز میں بھی آسانیاں پیدا کی جا رہی ہیں۔ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے سپیشل اکنامک زونز بنائے جا رہے ہیں، پنجاب میں سرمایہ کاروں کیلئے وزیراعلی سرمایہ کاری سہولت سینٹر قائم ہو چکا ہے، سرمایہ کاری بڑھنے سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور معیشت مستحکم ہوگی،
3 برس میں 16 سیمنٹ پلانٹس کی منظوری دے چکے ہیں، سرمایہ کاری میں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے انقلابی اقدامات کئے ہیں، پنجاب میں سرمایہ کاروں کو ترجیحی بنیادوں پر سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں