پاکستان کے مشہور ترین سیاحتی مقام میں بین الاقوامی ائیرپورٹ مکمل کر لیا گیا

سکردو (پی این آئی) پاکستان میں ایک اور بین الاقوامی ائیرپورٹ کا اضافہ، ملک کے مشہور سیاحتی مقام اسکردو میں واقع ائیرپورٹ پر بین الاقوامی پروازوں کا آغاز ہو جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق حکومت پاکستان کی جانب سے ملک میں سیاحت کے شعبے کو فروغ دینے کے سلسلے میں اہم اقدام اٹھایا گیا ہے۔ ملک کے بین الاقوامی شہرت کے حامل سیاحتی شہر اسکردو کے ائیرپورٹ کو بین الاقوامی ائیرپورٹ کا درجہ دے دیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بدھ کے روز جاری اعلامیہ میں سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملک میں سیاحت کے فروغ کے لیے اسکردو ایئرپورٹ کو بین الاقوامی معیار کے ہوائی اڈے کا درجہ دینے کا اعلان کیا۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی حکام کے مطابق اسکردو ائیرپورٹ سے کل 2 دسمبر سے بین الاقوامی پروازوں کا آغاز ہو جائے گا۔اسکردو ائیرپورٹ کو اپ گریڈ کیے جانے کے بعد بیرون ممالک سے پروازوں کی براہ راست اسکردو آمد ممکن ہو گئی ہے۔ائیرپورٹ کی اپ گریڈیشن سے اسکردو پاکستان میں عالمی پروازوں کے روٹس سے جڑ جائے گا۔ اس اقدام کی بدولت عالمی پروازوں کی آمد سے سیاحت کو فروغ اور زرمبادلہ میں بھی اضافہ ہوگا ، جس کے تحت اسکردو ایئرپورٹ معاہدوں کے تحت نامزد غیر ملکی ائیرلائنز کے لیے دستیاب ہوسکتا ہے۔ واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ملک میں سیاحت کے فروغ اور غیر ملکی سیاحوں کو راغب کرنے کیلئے خصوصی دلچسپی دکھائی ہے۔

اسی سلسلے میں رواں سال جولائی کے دوران وفاقی حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ سکردو ائیرپورٹ کو اپ گریڈ کر کے بین الاقوامی ائیرپورٹ کی حیثیت دی جائے گی۔ اپ گریڈیشن سے اسکردو ائیرپورٹ پورا سال پروازوں کی آمد و رفت کیلئے کھلا رہے گا۔ اپ گریڈیشن کے بعد یہ ایک جدید ترین ائیرپورٹ ہو گا جو ہر قسم کے موسم اور پورا سال کھلا رہے گا اور اس ائیرپورٹ کی مدد سے سیاح پورا سال اسکردو کا رخ کر سکیں گے۔ اسکردو ائیرپورٹ کی اپ گریڈیشن کے بعد ریجن میں سیاحوں کی آمد میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close