مبینہ قاتل کو رہا کرانے کی کوششیں؟ نورمقدم کیس میں ملزم ظاہر جعفر ذہنی مریض قرار

اسلام آباد(پی این آئی)نور مقدم قتل کیس کے مرکزی ملزم ظاہر جعفعر کے وکیل نے عدالت سے درخواست کی ہے کہ ملزم ذہنی مریض ہے، اس کا میڈیکل کرایا جائے۔نور مقدم قتل کیس میں ظاہر جعفر کی والدہ کی ضمانت سپریم کورٹ سے منظور ہونے کے بعد اب بیٹے نے بھی خود کو ذہنی مریض قرار دلوانے کی کوششیں شروع کردی ہیں۔وکیل کی جانب سے ظاہر جعفر کو پاگل قرار دینے کی درخواست عدالت میں دائر کردی گئی۔

نورمقدم قتل کیس کی سماعت ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں ہوئی، مرکزی ملزم ظاہرجعفر کے وکیل سکندر ذوالقرنین نے عدالت میں ظاہرجعفر کا طبی معائنہ کروانے کےلیے درخواست دائر کی اور مؤقف اختیار کیا کہ ظاہر جعفر ذہنی عارضے میں مبتلا ہے، گرفتاری کے وقت بھی ذہنی مریض تھا، الزامات کا جواب اب تک اس لیے نہیں دیا کیونکہ ملزم کارروائی کو سمجھنے سے قاصر ہے۔درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ عدالت طبی پینل تشکیل دے جو ملزم کی ذہنی حالت کا تعین کرے۔دوسری جانب مدعی کے وکیل شاہ خاور کہتے ہیں ظاہرجعفر کو خود کو عدالت کے سامنے پاگل ظاہر کرنے کی تلقین کی گئی ہے ، ہم اس پر پراپر آرگیومینٹ دیں گے، ملزم کو کہا گیا ہے کہ وہ کورٹ میں ایسی حرکتیں کرے تاکہ کورٹ اس نتیجے میں پہنچے کہ وہ ذہنی مریض ہے۔

مدعی کے وکیل نے کہا کہ ظاہرجعفر کیلئے میڈیکل بورڈ بنانے کی درخواست باقاعدہ پلاننگ لگ رہی ہے لگتا ہے ظاہر جعفر کوکہا گیا ہے کہ وہ پاگلوں والی حرکتیں کرے، اگرعدالت کسی کو پاگل کہہ دے تو ٹرائل معطل رہتا ہے۔خیال رہے کہ حالیہ ٹرائل کے دوران مرکزی ملزم ظاہرجعفر کو عدالت بار بار بولنے پر متعدد بار کمرہ عدالت سے نکال چکی ہے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close