ووٹ خریداری کی مبینہ ویڈیوسامنے آنے کے بعد این اے 133میں انتخابات ملتوی کرنے کا عندیہ

اسلام آباد (پی این آئی ) الیکشن کمیشن نے این اے 133لاہور کے ضمنی انتخابات میں ووٹوں کی مبینہ خریداری سے متعلق تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کردیا۔تفصیلات کے مطابق ووٹ خریدنے کی مبینہ ویڈیو کی رپورٹ کل جمع کروائی جائے گی۔ نجی ٹی وی ہم نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن نے ووٹوں کی خریداری سچ ثابت ہونے پر انتخابات ملتوی کرنے کا عندیہ بھی دے دیا۔ ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ الزامات ثابت ہونے پر این اے 133 کا ضمنی انتخاب ملتوی بھی ہو سکتا ہے۔

اگر معاملہ زیر التوا رہا اور الیکشن کے بعد ثابت ہوا تو امیدوار کو نااہل قرار دیا جا جاسکتا ہے۔واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے این اے 133 لاہور ضمنی انتخاب میں پیسوں سے ووٹ خریدنے کے معاملے پر ویڈیو کا نوٹس لے لیا ہے ، ریٹرننگ افسر نے نادرا، پیمرا، پولیس اور کمشنر لاہور سے 30 نومبر کو رپورٹ مانگ لی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ریٹرننگ افسر این اے 133 نے کمشنر لاہور اور آئی جی پنجاب سمیت چیرمین نادرا اور پیمرا کو نوٹس جاری کردیا ہے۔ریٹرننگ افسر نے

ویڈیو میں نظر آنے والے لوگوں کی شناخت کے لیے مدد مانگ لی۔نوٹس میں کہا گیا کہ فوٹیج کا فارنزک کروایا جائے، افراد اور عمارت کی شناخت کی جائے، آئی جی پولیس ملوث شخص کو گرفتار کریں، چئیرمین پیمرا فوٹیج کا فرانزک کرائیں کہ آیا فوٹیج اصل ہے اور اس میں موجود افراد کی شناخت کریں، ملوث افراد کا مکمل بائیو ڈیٹا فراہم کیا جائے۔ریٹرننگ افسر نے نادرا، پیمرا، پولیس اور کمشنر لاہور سے 30 نومبر کو رپورٹ مانگ لی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں