ہڑتال ختم؟ پیٹرول پمپس بند ہونے کی وجہ سے پریشان شہریوں کیلئے اچھی خبر آگئی

لاہور (پی این آئی)پٹرول کے لیے پریشان عوام کے لیے اچھی خبرسامنے آئی ہے،آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل کے سیکرٹری جنرل سید ناظر عباس زیدی کے مشورے پر پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا ہڑتال کی کال واپس لینے کا امکان ہے۔تفصیلات کے مطابق آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل اور پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے نمائندوں کے درمیان ملاقات ہوئی ہے۔

ملاقات میں آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل نے حکومت کے ساتھ مل کر چلنے اور گفتگو کے ذریعے مسائل حل کرنے پر زور دیا اور بتایا کہ ڈیلرز مارجن میں اضافہ کی سمری پٹرولیم ڈویژن نے کابینہ کو ارسال کر دی ہے۔ملاقات میں او سی اے سی نے ایسوسی ایشن کو ہڑتال کی کال واپس لینے کا مشورہ دیا۔ او سی اے سی کے سیکرٹری جنرل سید ناظر عباس زیدی پر ایسوسی ایشن کا ہڑال کی کال واپس لینے کا امکان ہے۔دوسری جانب حکومت نے پٹرول پمپس مالکان کو منافع بڑھانے کی ابتدائی پیشکش کر دی۔پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے مطالبات نہ مانے جانے کے خلاف ملک بھر میں ہڑتال کی جا رہی ہے۔عوام کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جب کہ مختلف شہروں میں جہاں پٹرول پمپس کھلے ہیں وہاں پر شہریوں کی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔ تاہم اب میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ وفاقی حکومت نے پٹرول پمپس مالکان کا منافع مزید بڑھانے پر ابتدائی رضامندی ظاہر کر دی ہے۔

حکومت نے پٹرول کی فی لیٹر قیمت پر 85 پسے کی بجائے ایک روپے منافع بڑھانے کی پیشکش کی ہے جب کہ ڈیزل پر 60 پیسے کی بجائے 70 پیسے منافع بڑھانے کی آفر بھی کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق پٹرول پمپس مالکان کی جانب سے منافع مزید بڑھانے اور فوری واضح نوٹیفیکیشن جاری کرنے پر زور دیا جا رہا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close