نامعلوم افراد کی جانب سے حملے کا نشانہ بننے والی خاتون صحافی کس سینئر صحافی کی اہلیہ نکلیں؟ تہلکہ خیز تفصیلات آگئیں

لاہور (پی این آئی) سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی آڈیو سامنے لانے والے احمد نورانی کی اہلیہ پر نامعلوم شخص نے حملہ کیا ہے۔احمد نورانی کی اہلیہ عنبرین فاطمہ بھی صحافی ہیں۔ وہ اپنی بہن اور بیٹی کے ساتھ بازار جا رہی تھیں کہ اسی دوران ایک نامعلوم شخص نے ان پر ڈنڈے سے حملہ کردیا۔ حملہ آور نے عنبرین فاطمہ کی گاڑی کی ونڈ سکرین توڑ دی اور انہیں دھمکیاں دیتا رہا۔خاتون صحافی کی درخواست پر پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔

عنبرین فاطمہ نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ انہیں تحفظ فراہم کیا جائے۔دوسری جانب صحافتی حلقوں نے خاتون صحافی پر اس حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ صحافی امجد حسین بخاری نے کہا ” احمد نورانی کی اہلیہ اور نوائے وقت سے وابستہ خاتون صحافی عنبرین فاطمہ پر نامعلوم افراد نے حملہ کیا ہے۔وہ گھر سے بچوں کے ہمراہ نکلی تھیں ، جبکہ ان کا تعاقب کرکے حملہ کیا گیا ۔ پولیس نے نامعلوم حملہ آوروں کیخلاف مقدمہ نمبر 2231/2021 درج کر لیا۔” لاہور پریس کلب کے سابق سیکریٹری عبدالمجید ساجد نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ” سینئر صحافی عنبرین فاطمہ پر جان لیوا حملے کی شدید مذمت۔گاڑی پر ڈنڈوں سے حملہ اور جان سے مارنے کی دھمکیاں۔ حکومت کب تک خاموش تماشائی بنی رہے گی؟جرنلسٹ پروٹیکشن بل ردی کی نذر۔

ملزمان کو گرفتار نہ کیا گیا تو اب ہم بھی چپ نہیں رہیں گے۔”خیال رہے کہ کچھ روز پہلے احمد نورانی نے ایک آڈیو لیک کرکے یہ دعویٰ کیا تھا کہ یہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی ہے اور انہوں نے سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو سزا دینے کیلئے ججز پر دباؤ ڈالا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close