حکومت نے پراپرٹی ٹیکس میں اضافہ ختم کر دیا، پراپرٹی مالکان کیلئے بڑی خوشخبری آگئی

لاہور (پی این آئی) پنجاب حکومت نے پراپرٹی ٹیکس میں 80 تا 130 فیصد اضافہ ختم کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب میں پراپرٹی ٹیکس ادا کرنے والے 19 لاکھ سے زائد پراپرٹی مالکان کے لیے پنجاب حکومت نے باضابطہ طور پر بڑا ریلیف دے دیا۔ حکومت نے چند ماہ قبل ختم کی جانے والی پراپرٹی ٹیکس ری میشن کو واپس بحال کرتے ہوئے پراپرٹی ٹیکس میں رواں سال کے لیے ہونے والا 80 فیصد تا130 فیصد کا اضافہ ختم کردیا ہے۔

گذشتہ سال کی شرح میں صرف10 فیصد اضافہ شامل کیا جائے گا جبکہ ذاتی استعمال اور کرایہ پر دی گئی عمارت کے پراپرٹی ٹیکس میں 1 اور5 کی شرح بھی برقرار رہے گی ۔ قومی اخبار روزنامہ ایکسپریس کے مطابق پنجاب کابینہ نے وفاقی وزارت دفاع کے ذیلی ادارے ”این آر ٹی سی “ کی تجویز کو منظور کرتے ہوئے صوبے میں چلنے والی 1 کروڑ80 لاکھ گاڑیوں اور موٹر سائیکلز پر RFID (ریڈیو فریکوئنسی آئیڈینٹی فیکیشن) اسٹیکر نصب کرنے کی اجازت دے دی۔یہ اسٹیکر گاڑی کی اسکرین پر جبکہ موٹر سائیکل کی ہیڈ لائٹ کے اندر چسپاں کیا جائے گا ،تمام گاڑی وموٹر سائیکل مالکان کیلئے یہ اسٹیکر لگوانا لازمی ہوگااور اس اسٹیکر کی قیمت 1200 سے1400 روپے کے درمیان متوقع ہے۔ رواں مالی سال کیلئے عوام کو نئے ٹیکس چالان جاری کیے جائیں گے جن میں پراپرٹی ٹیکس میں گزشتہ مالی سال کے مقابلے صرف 10 فیصد اضافہ کیا جائے گا،حکومت کے اس فیصلے سے پنجاب کے 19 لاکھ سے زائد پراپرٹی مالکان کو مجموعی طور پر 145کروڑ روپے کے لگ بھگ ریلیف ملے گا۔

واضح رہے کہ رواں مالی برس کے آغاز پر حکومت نے فیصلہ کیا تھا کہ 2014 ء کے پراپرٹی ٹیکس سروے کے مطابق ٹیکس دہندگان کو دی گئی ٹیکس ری میشن کی رعایت مکمل طور پر ختم کر دی جائے، اس فیصلے کے نتیجے میں عوام کو بھیجے جانے والے ٹیکس چالانوں میں پراپرٹی ٹیکس کی مد میں غیر معمولی اضافہ ہونے پر شدید عوامی ردعمل سامنے آیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close