علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا فلائٹ آپریشن متاثر ہونے کا خدشہ

لاہور ( پی این آئی ) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا فلائٹ آپریشن متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کردیا گیا ، ایئرپورٹ کے مرکزی رن وے پر مرمت کا کام ابھی تک مکمل نہیں ہوسکا ، سیکنڈری رن وے پر دھند میں طیاروں کی لینڈنگ اور ٹیک آف کیلئے استعمال ہونے والا کیٹ آئی تھری سسٹم موجود نہیں ہے ۔

رپورت میں بتایا گیا ہے کہ علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئرپورٹ کے مرکزی رن وے کا کام تاحال مکمل نہ ہونے کی وجہ سے سردیوں میں فلائٹ آپریشن متاثر ہونے کا خدشہ ہے ، اس وقت ایئرپورٹ کے سیکنڈری رن وے 36 ایل کو متبادل کے طور پر استعمال کیا جارہا ہے کیوں کہ لاہور ایئرپورٹ کے مرکزی رن وے ابھی تک مکمل نہیں ہوسکا جب کہ مرمت کا یہ کام ڈیڑھ سال میں مکمل ہونا تھا ۔بتایا گیا ہے کہ ایئرپورٹ کے سیکنڈری رن وے پر دھند میں طیاروں کی لینڈنگ اور ٹیک آف کیلئے استعمال ہونے والا کیٹ آئی تھری سسٹم موجود نہیں ہے ، آئی ایل ایس سسٹم نہ ہونے سے طیارے شدید دھند میں لاہور ایئرپورٹ پر لینڈنگ نہیں کرسکیں گے ، جس کے باعث سردیوں میں فلائٹ آپریشن متاثر ہونے کا خدشہ ہے جب کہ مرکزی رن وے پر مرمت کا کام ہونے کی وجہ سے ایئرپورٹ پر لانگ رینج اور وزنی طیاروں کی لینڈنگ کی بھی اجازت نہیں ہے ۔

اس حوالے سے ایئرپورٹ انتظامیہ نے اپنا موقف دیتے ہوئے کہا کہ مرکزی رن وے کی تعمیرات کا کام تیزی سے جاری ہے، مرکزی رن وے کی مرمت سے متعلق تمام ایئرلائنز کو آگاہ کردیا ہے اور ہدایت کی گئی ہے کہ سردی اور دھند کی وجہ سے پروازوں کے شیڈول میں تبدیلی کی جائے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں