چند گھنٹے کے اندر بڑے شہر میں آتشزدگی کے3 واقعات، آگ پر قابو پانے کے انتظامات ناکافی، کاروباری لوگ پریشان ہو گئے

کراچی (پی این آئی) پاکستان میں کروڑوں کی آباد کا شہر مشکلات کا مسلسل شکار ہے۔ گزشتہ کچھ عرصے سے کراچی شہر میں آگ لگنے کے پے در پے واقعات ایک معمہ بنتے جا رہے ہیں کیونکہ شہر میں آتشزدگی کے واقعات پر قابو پانے والے آلات بھی موجود نہیں ہیں۔ گذشتہ روز کراچی شہر میں چند گھنٹے کے اندر آگ لگنے کے تین واقعات رونما ہوئے۔

پہلے جوڑیا بازار میں عمارت کے گراؤنڈ فلور پر گودام میں آگ لگی جس پر فائر بریگیڈ نے بروقت کارروائی کر کے آگ پر قابو پالیا۔ اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں کی جاسکی۔دوسری جانب اورنگی ٹاؤن کے قریب کاغذ کے گودام میں آگ لگی جبکہ کورنگی میں خالی گھر میں لگی آگ بھی بجھادی گئی، گھر خالی ہونے کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

اس سے پہلے رواں ہفتے کراچی کی زیب النساء اسٹریٹ پر واقع وکٹوریہ سینٹر میں بھی آگ لگ گئی تھی، آگ کے باعث کروڑوں روپے مالیت کا گارمنٹس کا سامان جل گیا تھا۔ اسی طرح کا واقعہ کوآپریٹو مارکیٹ میں بھی پیش آیا تھا جس میں سیکڑوں دکانیں اور قیمتی سامان جل کر خاکستر ہوگیا تھا۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close