ہم آئے نہیں لائے گئے ہیں، ڈاکٹر عامرلیاقت کا کہا گیا جملہ ٹویٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا

اسلام آباد (پی این آئی)معروف میزبان اورحکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کےرکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے قومی اسمبلی آمد پر صحافیوں کی جانب سے پوچھے گئے سوال پر ذومعنی جواب دیا جس پر دیکھتے ہی دیکھتے یہ جملہ ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا ہے۔

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کے لیے تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی اور اتحادیوں کی بڑی تعداد قومی اسمبلی پہنچی جس میں کراچی سے منتخب رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین بھی شامل تھے۔عامر لیاقت کے ایوان میں داخلے سے قبل صحافیوں نے انہیں گھیر لیا اور سوالات کی بوچھاڑ کردی۔اس دوران ان سے سوال کیا گیا کہ اپنی جماعت سے گلے شکووں کے باوجود آپ پارلیمنٹ میں آئے ہیں؟ جس پر عامر لیاقت نے اپنے روایتی انداز میں جواب دیا کہ ہم آئے نہیں بلکہ لائے گئے ہیں اور بہت اہتمام سے لائے گئے ہیں۔

اس پر صحافیوں نے جوابی سوال کیا کہ کون لے کر آیا ہے؟ جس پر رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ جو لاتے ہیں وہی لائے ہیں۔ڈاکٹرعامر لیاقت حسین کا یہ جملہ دیکھتے ہی دیکھتے ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا اور30 ہزارسے زائد ٹوئٹر صارفین نے ہیش ٹیگ’ہم لائے گئے ہیں‘ کے ساتھ ٹوئٹ کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close