اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب فلور ملز ایسوسی ایشن نےعندیہ دیا کہ آٹے کا تھیلا مزید 50روپے مہنگا ہو جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب ملک طاہر حنیف نے سربراہ فلور ملز ایسوسی ایشن عاصم رضا کے ہمراہ لاہورمیں پریس کانفرنس کی۔پنجاب فلور ملز ایسوسی ایشن نے آئندہ ہفتے سے ہڑتال کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ آنے والے دنوں میں آٹے کا تھیلا مزید 50 روپے مہنگا ہو جائے گا۔نجی ٹی وی ٹوئنٹی فور کے مطابق پریس کانفرنس میں چیئرمین پنجاب فلور ملز طاہر حنیف نے حکومتی پالیسیوں پر تحفظات کا اظہار
کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ گندم کا کوٹہ 12 بوری سے بڑھا کر 18 بوری فی رولر باڈی کیا جائے، گندم کے گرائنڈنگ چارجز پر نظرثانی کی جائے اور خیبرپختونخوا اور دیگر صوبوں میں سفید آٹے کے تھیلے کی ترسیل کی اجازت دی جائے۔ دوسری جانب سربراہ فلور ملز ایسوسی ایشن عاصم رضا نے نئی فلورملز کو گندم کوٹے کے مطابق دینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نےکہا کہ پچھلے سال ان دنوں 24 ہزار ٹن روزانہ سرکاری گندم فراہم کی جا رہی تھی، اب 18 ہزار ٹن روزانہ دی جا رہی ہے، ایک ہفتے میں معاملات طے نہ ہوئے تو آئندہ منگل سے ہڑتال کی جائے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں