مانسہرہ اور مظفر آباد میں سعودی حکومت کی تعمیر کردہ مساجد پاکستان کے حوالے کرنے کی تقریب

اسلام آباد (پی این آئی) مذہبی امور کے وفاقی وزیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام کی سعودی عرب کے ساتھ تاریخی ،ثقافتی ، مذہبی اور برادرانہ تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سعودی عرب کو دنیا بھر میں خوبصورت مساجد بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔ وہ اسلا م آباد میں سعودی سفارت خانے میں ہونے والی تقریب سےخطاب کر رہے تھے۔

وفاقی وزیر نور الحق قادر ی نے کہاکہ مظفر آباد اور مانسہرہ میں سعودی تعاون سے بننے والی مساجد سعودی عوام اور حکومت کی طرف سے پاکستانیوں کےلئے تحفہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ سعودی عرب نے دوہزار پانچ میں آنے والے تباہ کن زلزلے میں سب سے پہلے اپنے پاکستانی بھائیوں کی مدد کرنے کا عملی مظاہرہ کیا۔ سعودی عرب کے سفیر نواف المالکی نے کہاکہ سعودی عرب نے ہمیشہ ہر مشکل وقت میں پاکستان کی دل کھول کر مدد کی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو سعودی عرب بڑی اہمیت دیتا ہے ۔انہو ں نے کہاکہ جامع مسجد الملک عبدالعزیز مانسہرہ اورجامع مسجد الملک عبدالعزیز مظفر آباد عوامی خواہشات کے مطابق تعمیر کی گئی ہیں۔

جامع مسجد الملک عبدالعزیز میں دس ہزار سے زائد اور جامع مسجد الملک فہد بن عبدالعزیز میں چھ ہزار سے زائد نمازیوں گنجائش موجود ہے۔ تقریب میں دونوں مساجد حکومت پاکستان کے حوالے کرنے کی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط بھی کیئے گئے ۔ تقریب میں خیبر پختونخوا کے صوبائی وزیر مذہبی امور ، آزادجموں کشمیر کے وزیر مذہبی امور سمیت سفارتکاروں اور میڈیا نے نمائندوں نے شرکت کی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close