اسلام آباد (پی این آئی)سابق چیف جج گلگت بلتستان راناشمیم نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیان کے بعد کہا ہے کہ انصارعباسی سےکی گئی باتوں پرقائم ہوں۔انہوں نے کہا کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثارکے پاس میری توسیع کا اختیار ہی نہیں۔ جی بی اور آزاد کشمیر کی سپریم کورٹس سپریم کورٹ پاکستان کے ماتحت نہیں۔نجی ٹی وی کے مطابق رانا شمیم نے کہا کہ جی بی اور آزاد کشمیرکی سپریم کورٹس کے چیف جج کوتوسیع دینے کا اختیار وزیراعظم کا ہے۔
دوسری جانب سابق چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار نے کہا ہے کہ رانا شمیم چیف جسٹس جی بی کی حیثیت سے توسیع مانگ رہے تھے جو منظور نہیں کی تھی۔گلگت بلتستان کے سابق چیف جسٹس رانا ایم شمیم کے مصدقہ حلف نامے میں کیے گئے انکشاف سے متعلق خبر پر ردّ عمل دیتے ہوئے سابق چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار نے کہا کہ ان کے بارے میں خبر حقائق کے منافی ہے۔سابق چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ وہ سابق چیف جسٹس گلگت بلتستان رانا شمیم کے سفید جھوٹ پر
کیا جواب دیں، رانا شمیم توسیع مانگ رہے تھے جو منظور نہیں کی۔واضح رہے کہ گلگت بلتستان کے سابق چیف جسٹس رانا ایم شمیم نے اپنے مصدقہ حلف نامے میں کہا ہے کہ وہ اس واقعے کے گواہ تھے جب اْس وقت کے چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار نے ہائی کورٹ کے ایک جج کو حکم دیا تھا کہ 2018ء کے عام انتخابات سے قبل نواز شریف اور مریم نواز کو ضمانت پر رہا نہ کیا جائے۔دوسری جانب سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے اپنا موقف دیتے ہوئے دو ٹوک الفاظ میں اس بات سے انکار کیا اور کہا ہے کہ انہوں نے کبھی اپنے ماتحت ججوں کو کسی بھی عدالتی فیصلے کے حوالے سے کوئی احکامات نہیں دیئے چاہے وہ آرڈر نواز شریف، شہباز، مریم کیخلاف ہو یا کسی اور کیخلاف۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں