ناقص کارکردگی اور مقدمات کا عدم اندراج، لاہور پولیس کے 17 ایس ایچ او معطل کر دیئے گئے

لاہور (پی این آئی) لاہور پولیس کے ڈی آئی جی آپریشنز احسن یونس نے مقدمات درج نہ کرنے کی شکایت پر لاہور کے 17 ایس ایچ اوز کو معطل کردیا ہے۔ لاہور بپولیس ترجمان کے مطابق احسن یونس نے ایس ایچ اوز کو ناقص کارکردگی اور کرائم رجسٹرنہ کرنے پر معطل کر دیا ہے۔
ترجمان آپریشنز ونگ کے مطابق جن ایس ایچ اوز کو معطل کیا گیا ہے ان میں لاہور سٹی ڈویژن سے ایس ایچ او داتا دربار، شاہدرہ، نیو انار کلی، بادامی باغ اور لاری اڈ شامل ہیں جبکہ لاہور کینٹ ڈویژن سے ایس ایچ او باغبان پورہ، ڈیفنس اے، فیکٹری ایریا اور غازی آباد کو معطل کیا ہے۔
ترجمان کے مطابق لاہور ماڈل ٹاؤن ڈویژن سے ایس ایچ او کوٹ لکھپت، کاہنہ اور نشتر کالونی اور صدر ڈویژن سے جوہر ٹاؤن، چوہنگ اور گرین ٹاؤن کے ایس ایچ او کو معطل کیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق اقبال ٹاؤن ڈویژن سے ایس ایچ او ساندہ اور شیراکوٹ کو معطل کردیا ہے۔ اس حوالے سے لاہور پولیس کے ڈی آئی جی آپریشنز احسن یونس کا کہنا ہے کہ رشوت ستانی قابل قبول نہیں ہے، سخت کارروائی کریں گے، وہ لوگ جو غفلت میں ہیں، ایکٹو ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کو ہر جگہ نظر آنا چاہیے پٹرولنگ کو بڑھائیں، ایک ہفتے کے بعد دوبارہ میٹنگ ہوگی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے یہ بھی کہا کہ مقدمات کے اندراج کا ٹائم فریم دے دیا گیا، من و عن عملدرآمد کروایا جائے گا، چوری، رہزنی اور ڈکیتی کی ایف آئی آر فوراً درج کریں۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ تھانوں کی حدود میں کریمنلز کی موجودگی پر ایس ایچ او ذمہ دار ہوگا، افسران نوکری اور کاروبار میں سے ایک کا انتخاب کر لیں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close