مشکل وقت میں پی ٹی آئی کی بڑی کامیابی، پنجاب کی سیاست کا بڑا نام عمران خان کے قافلے میں شامل

سیالکوٹ ( پی این آئی ) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سینئر نائب صدر پنجاب سلیم بریار پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوگئے ۔سلیم بریار نے پی ٹی آئی رہنماؤں سینیٹر سیف اللہ نیازی اور اعجازچوہدری کی موجودگی میں حکمران جماعت میں شمولیت کا اعلان کیا جہاں فردوس عاشق اعوان اور احسن سلیم بریاربھی موجود تھے ۔اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے سلیم بریار نے کہا کہ عالمی بحرانوں میں عمران خان ہی پاکستان کی واحد امید ہیں۔

ان کے قد کا کوئی دوسرا رہنما ہمارے پاس نہیں ہے ، وزیراعظم ملک کو درپیش مسائل سے جلد نکال لیں گے ۔ خیال رہے کہ سلیم بریار مسلم لیگ ق کے سرکردہ رہنماؤں میں شامل تھے ، انہیں چوہدری برادران کے قریبی ساتھی اور دست راست کے طور پر بھی جانا جاتا تھا تاہم حال ہی میں سیالکوٹ میں ہونے ضمنی الیکشن میں سلیم بریار کے بیٹے احسن سلیم بریار پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر ایم پی اے منتخب ہوئے جس کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے نو منتخب ایم پی اے احسن سلیم بریار کو اپنا معاون خصوصی مقررکردیا ۔واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 38 سیالکوٹ میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار احسن سلیم بریار نے 59 ہزار 799 ووٹ حاصل کر کے کامیابی اپنے نام کی تھی۔

یہ نشست ن لیگ کے خوش اختر سبحانی کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی ، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے پی پی 38سیالکوٹ کے ضمنی الیکشن میں شاندار کامیابی پراحسن سلیم بریار اور سلیم بریار کو مبارک باد دی ، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ سیالکوٹ کے ضمنی الیکشن میں عوام نے شفاف اور ایماندار امیدواراحسن سلیم بریار کو کامیاب کرایا ، احسن سلیم بریار کی کامیابی ریاست مخالف بیانیہ کی شکست ہے ، ووٹ کو عزت دو کا کھوکھلا نعرہ اپنی موت آپ مرچکا ہے ، پی ٹی آئی نے مخالف جماعت کی نشست جیت کر ثابت کیا ہے کہ پاکستان میں صرف دیانتداری کی ہی سیاست چلے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close