میٹروبس منصوبے کو توسیع دینے کی تیاریاں، جڑواں شہروں کے رہائشیوں کیلئے بڑی خبر آگئی

اسلام آباد (پی این آئی) راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس منصوبے کو توسیع دینے کی تیاریاں، اسلام آباد میں 27 کلومیٹر طویل نئے روٹ کی تعمیر مکمل ہونے کے قریب، نئے روٹ کے افتتاح کی تاریخ کا اعلان کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سی ڈی اے حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نئے بین الاقوامی ائیرپورٹ تک میٹرو بس سروس کے روٹ کی تعمیر تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔

بتایا گیا ہے کہ نیو اسلام آباد ایئرپورٹ تک میٹرو بس روٹ 26 کلو میٹر طویل ہے، اس روٹ پر کل 7 اسٹیشنز تعمیر کیے گئے ہیں۔ نیو اسلام آباد ایئرپورٹ تک میٹرو بس منصوبہ مسافروں کے لئے 23 مارچ 2022ء تک کھول دیا جائے گا۔ منصوبے پر این ایچ اے کی جانب سے کام کیا جا رہا ہے کہ، وزیراعظم نے 2020ء میں سی ڈی اے کو ہدایت کی تھی کہ اسلام آباد ائیرپورٹ میٹرو بس منصوبے کو اپنے کنٹرول میں لے کر جلد آپریشنل کیا جائے۔حکام کے مطابق روٹ کی تعمیر کا کچھ کام باقی ہے جو دسمبر تک مکمل کر لیا جائے گا۔ جبکہ بسوں کے لئے ٹینڈر ہوگیا ہے ایک ماہ تک آجائیں گی۔ بسوں کی آمد کے بعد جلد ہی ٹیسٹ رن کا آغاز بھی کر دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس منصوبہ 2 فیز میں تقسیم کیا گیا تھا۔

پہلے میں پاک سیکرٹریٹ تا صدر راولپنڈی تک 22 کلومیٹر سے زائد طویل روٹ تعمیر کیا گیا تھا، جو 2015 سے آپریشنل ہے۔پہلے فیز کی تعمیر پر 44 ارب روپے سے زائد کی لاگت آئی تھی، جبکہ دوسرے فیز میں پشاور موڑ سے نئے اسلام آباد ائیرپورٹ تک تقریباً 27 کلومیٹر طویل روٹ تعمیر کیا جانا تھا۔ اسلام آباد میٹر بس منصوبے کے فیز 2 کا 2020 میں افتتاح ہونا تھا، تاہم منصوبہ مختلف وجوہات کی بنا پر تاخیر کا شکار ہوا، اور اب حکام کا دعویٰ ہے کہ نئے روٹ کو مارچ 2022 تک آپریشن کر دیا جائے گا۔ نئے روٹ کے آپریشنل ہونے سے ائیرپورٹ اور شہر کے درمیان سفر کرنے والے شہریوں کی مشکلات کم ہو جائیں گی۔

close