ووہان(آئی این پی ) چین کے صوبہ ہوبی اور پاکستان کے صوبہ سندھ کے درمیان جڑوا ں صوبہ کے تعلقات کے قیام کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو)پر دستخط ہو گئے ۔ چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق چین میں پاکستان کے سفیر معین الحق نے ہو بی کی صوبائی عوامی حکومت کے گورنر وانگ ژونگ لن سے ملاقات کی جس میں انہوں نے سندھ اور ہو بی صو بہ کے درمیان جڑواں صوبہ تعلقات کے قیام کے معاہدے پر دستخط کو سراہا۔
تقریب کے دوران وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ اور کراچی میں چین کے قونصل جنرل کے مبارکباد کے ویڈیو پیغامات بھی چلائے گئے۔ سفیر نے چین پاکستان دوستی کی حمایت پر گورنر کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ دوستی اسکوائر کے ساتھ جڑواں صوبہ/شہر تعلقات مختلف شعبوں میں تعاون کے ایک نئے باب کا آغاز کریں گے۔ انہوں نے چین پاکستان سفارتی تعلقات کے 70 سال مکمل ہونے پر متعدد تقریبات منعقد کرنے پر گورنر کا شکریہ بھی ادا کیا جس میں دریائے یانگسی پر ایک عظیم موضوعی لائٹ شو بھی شامل ہے۔
سفیر نے ووہان کے دورے کے دوران بہترین انتظامات اور پر جوش مہمان نوازی کرنے پر گورنر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کوویڈ 19 کے خلاف جنگ میں پہلی فتح حاصل کرنے پر ہوبی اور ووہان کے عوام کی ہمت اور لچک کو خراج تحسین پیش کیا، انہوں نے کہا کہ ہوبے پاکستانی عوام کے دلوں میں ایک خاص مقام رکھتا ہے۔ سفیر نے ہوبی میں قائم چائنا گیزوبا کارپوریشن اور چائنا تھری گورجز کی بھی تعریف کی جنہوں نے پاکستان کے انفراسٹرکچر کی ترقی اور توانائی کی حفاظت میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ ہزاروں پاکستانی طلبا مقامی یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی پل کا کام کر رہے ہیں۔ چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق گورنر وانگ نے کہا کہ چین اور پاکستان آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنر ہیں اور ہماری آہنی دوستی کو ہمارے قائدین کی بھرپور حمایت اور اتفاق رائے حاصل ہے۔ گزشتہ 70 سالوں کے دوران دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑے رہے اور اپنے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط اور گہرا کرنے کے لیے مل کر کام کیا۔ ہوبے اور سندھ کے درمیان جڑواں صوبہ تعلقات کے قیام پر،
انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ یہ تعلیم، سائنس اور ٹیکنالوجی، تکنیکی اور پیشہ ورانہ تربیت اور عوام کے درمیان تبادلے کے شعبوں میں عملی تعاون کا باعث بنے گا۔ واضح رہے کہ چین میں پاکستان کے سفیر معین الحق 3 روزہ دورے پر ووہان پہنچے جہاں ووہان شہر اور پاکستان کے مختلف اداروں کے درمیان متعدد مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے جن میں ووہان اور کراچی ،
ای چھانگ اور ہری پور ، یلنگ اور کہوٹہ کے درمیان سسٹر سٹی تعلقات اور چین پاکستان دوستی اسکوائر کا افتتاح شامل ہیں ۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں