حکومت اور کالعدم جماعت کے درمیان مذاکرات جاری، مذاکرات میں کون کون شریک ہے؟ تفصیلی خبر آگئی

اسلام آباد(پی این آئی)وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حکومتی کمیٹی اورکالعدم جماعت کی شوریٰ کے درمیان مذاکرات کا ایک دور مکمل ہو چکا ہے اور دوسرا دور آج رات ہوگا۔سنیچر کو بجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی وفد میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور علی محمد خان شریک ہیں۔

اس سے قبل کالعدم جماعت نے کہا تھا کہ راولپنڈی میں حکومت اور اس کی کمیٹی کے درمیان مذاکرات شروع ہو گئے ہیں۔کالعدم جماعت کی طرف سے جاری بیان میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پارٹی کے وفد کی قیادت سربراہ کالعدم جماعت کررہے ہیں۔ تاہم فواد چوہدری سے جب پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ انہیں مذاکرات میں کالعدم جماعت کے سربراہ کی موجودگی کا علم نہیں ہے۔دوسری جانب وزارت مذہبی امور کے ایک ذریعے نے بتایا کہ حکومتی کمیٹی اور کالعدم جماعت کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور شروع ہو چکا ہے۔کالعدم جماعت کے مطابق ان کے وفد میں موجود دیگر شوریٰ اراکین پیر سید ظہیر الحسن شاہ،ڈاکٹر شفیق امینی،مفتی غلام غوث بغدادی ، انجینئر حفیظ اللہ علوی،علامہ فاروق الحسن قادری ،علامہ غلام عباس فیضی اور مفتی محمد عمیر الازہری شریک ہیں۔

پاکستانی فوج کے سینئر افسران نے حالیہ دنوں میں کالعدم تنظیم کے احتجاج کے دوران ہلاک ہونے والے پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ سے ملاقاتیں کی ہیں۔پاکستانی فوج شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فوج کے سینئر افسران پولیس شہدا کے لواحقین کے گھر گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق فوج کے سینئر افسران اے ایس آئی محمد اکبر کے اہل خانہ سے ملے، فوج کے اعلیٰ حکام نے پولیس کانسٹیبل غلام رسول کے اہل خانہ سے بھی ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اعلیٰ فوجی حکام نے پولیس اہلکاروں محمد ایوب، خالد جاوید کے اہل خانہ سے بھی ملاقات کی۔

افسران نے شہدا کے گھر جا کر ان کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ترجمان فوج کے مطابق پاکستانی فوج کے افسران نے پولیس شہدا کے لیے فاتحہ خوانی کی اور سوگوار خاندانوں کو مالی امداد دی۔آئی ایس پی آر کے مطابق اعلیٰ فوجی افسران نے زخمی پولیس اہلکاروں کی بھی عیادت کی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close