سابق وزیراعلیٰ جام کمال نے نئے وزیراعلیٰ بلوچستان کیلئے کس کی حمایت کر دی؟ صوبائی سیاست میں ہلچل

کوئٹہ (پی این آئی) وزیراعلیٰ جام کمال نے نئے وزیراعلیٰ کیلئے عبدالقدوس بزنجو کی حمایت کردی،جام کمال نے کہا کہ ہمارے اختلافات میرے استعفے سے پہلے تھے، اب بطور بی اے پی جماعت ایک ساتھ کھڑے ہیں، عبد القدوس بزنجو اور جان جمالی کیلئے نیک خواہشات ہیں۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ہمارے درمیان اختلافات میرے استعفے سے پہلے تھے لیکن اس کے بعد نہیں۔

ہم سب بلوچستان عوامی پارٹی کے طور پرایک ساتھ کھڑے ہیں، ہم سب بلوچستان عوامی پارٹی کے طور پر تمام متفقہ فیصلوں پر ڈٹے ہوئے ہیں۔پارٹی میں کوئی گروپ بندی نہیں ہے اور ہم سب ایک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عبد القدوس بزنجو اور جان جمالی کے لیے میری نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔ وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے وزیراعلی سیکرٹریٹ کے افسران اور سٹاف سے وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ میں الوداعی ملاقات کی ، ملاقات میں سابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کے اعزاز میں پولیس کے خصوصی دستے کی جانب سے الوداعی سلامی اور پرنسپل سیکرٹری اور وزیراعلی سیکرٹریٹ کے سٹاف کی جانب سے سابق وزیر اعلی کو سوینئر اور روایتی قالین کا تحفہ دیا گیا۔اس موقع پر سابق وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے کہا کہ آپ سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں ہم نے کوشش کی کہ وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ کے امور کو احسن انداز میں چلایا جا سکے۔

بعد ازاں سابق وزیراعلی جام کمال خان باقاعدہ طور پر وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ سے روانہ ہوگئے۔ دوسری جانب سابق اسپیکربلوچستان اسمبلی میرعبد القدوس بزنجو کے مقابلے میں تاحال کسی نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کروائے، جس کے باعث ان کا بلا مقابلہ وزیر اعلیٰ منتخب ہونے کا امکان ہے۔کیونکہ وزیراعلیٰ بلوچستان کیلئے کسی امید وار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے، جان محمد جمالی کا بھی بلا مقابلہ اسپیکر بلوچستان اسمبلی منتخب ہونے کا امکان ہے۔دونوں منتخب نمائندگان کل حلف اٹھائیں گے۔ رکن اسمبلی عبدالرحمان کھیتران نے کہا کہ پہلا موقع ہے پورا65 کا ایوان ایک پیج پر ہے، کل نئے وزیراعلیٰ کی حلف برداری کی تقریب ہوگی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close