میرٹ پر تقرر سے اداروں میں بہتری آنا شروع ہوئی تاہم مہنگائی کے مطابق تنخواہوں میں اضافہ نہیں ہوا

اسلام آباد(آئی این پی)وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے مہنگائی کے مطابق تنخواہوں میں اضافہ نہ ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کے مطابق تنخواہوں میں اضافہ نہیں ہوا، کورونا کی وجہ سے عالمی سطح پر مہنگائی میں اضافہ ہوا اور عالمی معیشت کو دھچکہ لگا،کستان تحریک انصاف کی حکومت نے ہر جگہ میرٹ پر تقرر کی کوشش کی ہے جس کی وجہ سے ادارے بہتر ہونا شروع ہوئے ہیں،

جمعرات کو پاکستان ٹیلی ویژن سی بی اے کے نو منتخب نمائندوں کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہاکہ ہم چیزیں باہر سے منگوا رہے ہیں اور جب چیزیں زیادہ مہنگی ہوں گی تو ظاہر ہے کہ ہمیں اس کی قیمت زیادہ دینی پڑے گی،انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے پاس پیسے ہوں اور ہم لوگوں کو سبسڈی دے سکیں تو ہم لوگوں کو بچا سکتے ہیں لیکن ایسا نہیں ہے،انہوں نے کہا کہ 1947سے 2006تک پاکستان نے کل قرضہ 6ہزار ارب روپے کا لیا تھا، اس میں ہم نے موٹر وے بنا لیں، گوادر کا شہر خرید لیا،

اسلام آباد کا شہر بنا لیا، پاکستان کی فوج، فضائیہ اور بحریہ کھڑی کر لی، ہم نے تمام ادارے ان ہی 6ہزار ارب روپے میں بنا لیے،فواد چوہدری نے کہا کہ 2008میں جب صدر آصف علی زرداری صدر بنے اور 2018میں جب مسلم لیگ(ن)کی حکومت گئی تو ان 10سالوں میں ہم نے 23ہزار ارب روپے کا قرض لیا، اس کی وجہ سے پچھلے سال ہم نے 10ارب ڈالر واپس کیے، اس سال ہمیں 12ارب ڈالر واپس کرنے ہیں،انہوں نے کہا کہ ملکوں میں اگر اخراجات زیادہ ہوں اور آمدن کم ہو تو ملک غریب ہوگا اور اگر اخراجات کم ہوں اور اخراجات زیادہ ہوں تو آپ خوشحال ہوں گے لیکن جب 10ارب ڈالر پچھلے سال دے دیے، 12ارب ڈالر اس سال دے رہے ہیں تو عوام کو ریلیف کیسے دیں گے،

یہ وہ چیلنج ہے جس کا حکومت اس وقت سامنا کر رہی ہے، ماضی کی حکومتوں میں جس طرح سے اداروں کا بیڑا غرق کیا گیا، پی ٹی وی، اسٹیل مل، ریڈو سمیت تمام ادارے تنزلی کا شکار ہوئے، ہم نے آ کر 88کے قریب چیف ایگزیکٹو آفیسر لگائے ہیں اور ایک بھی تقرر میرٹ سے ہٹ کر نہیں کیا، ہر جگہ میرٹ پر تقرر کی کوشش کی ہے جس کی وجہ سے ادارے بہتر ہونا شروع ہوئے ،وزیر اطلاعات نے کہا کہ جب ادارے اپنے پائوں پر کھڑے ہوں گے تو ملک اور اس کے عوام خوشحال ہوں گے، یہ نہیں ہو سکتا کہ ادارے تنزلی کا شکار ہوں اور اس کے لوگ خوشحال ہوں لہذا پی ٹی ترقی کرے گا تو ہی پی ٹی وی کے لوگ خوشحال ہوں گے اور پی ٹی وی کے لوگوں کی وجہ سے ہی ادارہ اوپر جا سکتا ہ ے، وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اعتراف کیا کہ مہنگائی کے مطابق تنخواہوں میں اضافہ نہیں ہوا، انہوں نے کہا کہ 42فیصد ہماری بجلی باہر سے منگوائے ہوئے تیل پر بنتی ہے، اب ہمیں گیس بھی باہر سے منگوانا پڑتی ہے، فواد چودھری نے کہا کہ سابقہ ادوارمیں بجلی کے مہنگے معاہدے کیے گئے اور مہنگے معاہدوں کی وجہ سے بجلی کی قیمت بڑھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close