ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی

لاہور(آئی این پی ) وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ گزشتہ سال کے ترقیاتی بجٹ کی نسبت رواں سال کے ترقیاتی بجٹ میں 66 فیصد اضافہ کیا گیا، ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس ہوا، جس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت کو پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا ڈویلپمنٹ بجٹ پیش کرنے کا اعزاز حاصل ہے، پنجاب میں پی ایس ڈی پی اور اے ڈی پی کا مجموعی حجم ریکارڈ 740 ارب روپے تک پہنچ گیا ہے۔ عثمان بزدار نے کہا کہ 560 ارب روپے کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت صوبے میں منصوبوں پر کام شروع ہو چکا ہے، سالانہ ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 98 فیصد سکیمیں منظور کی جا چکی ہیں، اے ڈی پی کی سکیموں کی ہر سطح پر فول پروف مانیٹرنگ کی جائے، پنجاب اپنے ذرائع سے رواں مالی سال 400 ارب روپے ریونیو وصول کرے گا، پنشن سسٹم، ہیومن ریسورس مینجمنٹ اور پراپرٹی ٹیکس میں دوررس اصلاحات لا رہے ہیں۔

وزیراعلی پنجاب نے محکموں کو منصوبوں کے پی سی ون قواعد و ضوابط کے مطابق جلد مکمل کر کے بھجوانے کی ہدایت کر دی۔ عثمان بزدار کو ترقیاتی منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، سیکرٹری خزانہ، سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close