اسلام آباد(پی این آئی)کالعدم جماعت کا اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ جاری ہے اور دوسری طرف پاکستان کی فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے سوشل میڈیا پر سرگرم کارکنوں کی گرفتاریاں شروع کر دی ہیں۔جمعرات کو ایف آئی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سائبر کرائم نے ملتان سے دو کارکنوں کو گرفتار کیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’18 سالہ سید عاقب شاہ مدرسہ جامعہ سرانیا کاظمیہ کا طالب علم ہے جو دو فیس بک اکاؤنٹس، دو واٹس ایپ گروپس کے ساتھ منسلک ہونے کے علاوہ کئی گروپس میں سرگرم تھا۔ دوسرے شخص کا نام محمد رفیق ہے اور ان کے موبائل فونز سے مطلوبہ ڈیٹا حاصل کر لیا گیا ہے۔‘بیان کے مطابق سید عاقب شاہ سے جو مواد برآمد ہوا ہے وہ اس کے ذریعے مبینہ طور پر عوام میں بدامنی اور قیاس پھیلا رہا تھا۔ سائبر کرائم ونگ ملتان نے کہا ہے کہ دونوں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔اس طرح ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ نے فیصل آباد میں کارروائی کرتے ہوئے محمد شاہ زیب نذیر کو گرفتار کیا ہے جس پر الزام ہے کہ وہ واٹس ایپ گروپ ’تاجدار ختم نبوت زندہ باد‘ کا ایڈمن ہے اور وہ کالعدم جماعت کی حمایت میں پوسٹیں شیئر کر رہا تھا۔
فیصل آباد ہی سے ایک اور شخص محمد حسن کو گرفتار کیا گیا جو ’درس نظامی‘ کا طالب علم ہے اور ایک یوٹیوب چینل کا ایڈمن ہے اور وہ باقاعدگی سے کالعدم جماعت کی حمایت میں پوسٹس شیئر کر رہا تھا۔چکری سے بھی ایک شخص ندیم اختر کو گرفتار کیا گیا جو واٹس ایپ پرمظاہروں کے حق میں پوسٹیں شیئر کر رہا تھا۔اس کے علاوہ راولپنڈی سے بھی دو افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں