لاہور(آئی این پی)کالعدم تنظیم ٹی ایل پی کے احتجاج کے باعث ریلوے انتظامیہ نے پشاور اور راولپنڈی سے لاہور کے درمیان ٹرینوں کا روٹ تبدیل کردیا۔ترجمان ریلوے کے مطابق موجودہ حالات کے پیش نظر ریلوے انتظامیہ نے پشاور اور راولپنڈی سے لاہور آنے اور جانے والی ٹرینوں کو متبادل روٹ سے چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ پشاور اور راولپنڈی سے آنے اور جانے والی ٹرینوں کو براستہ جنڈ، بسال ، کندیاں، سرگودھا، سانگلہ ہل اور شیخوپورہ لاہور روانہ کیا جا رہا ہے ۔ ترجمان کے مطابق لاہور اور راولپنڈی کے درمیان شام 4بج کر 30منٹ پر چلنے والی سبک خرام اور شام 6بجے چلنے والی اسلام آباد ایکسپریس اور رات 12بج کر 30منٹ پر چلنے والی راول ایکسپریس کو بھی دونوں اطراف سے بدھ کے لیے معطل کیا گیا ہے۔
ترجمان ریلوے نے بتایا ہے کہ گرین لائن کو راولپنڈی سے لاہور کے لیے بدھ کے روز معطل کیا گیا ہے، پاکستان ریلوے کے سسٹم پر چلنے والی باقی تمام ٹرینیں اپنے اپنے معمول اور روٹ کے مطابق چل رہی ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں