بھارت کشمیر میں مظالم بند کرے ورنہ خود تباہ ہوجائے گا، صدر عارف علوی

اسلام آباد(آئی این پی )صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ ہندوستان کو متنبہ کرتا ہوں کہ کشمیر میں مظالم بند کردو ورنہ تم خود تباہ ہوجا گے،ہندوستان کو شرم نہیں آتی کہ ایک میچ ہارنے پر بھی کشمیریوں پر ظلم کررہا ہے۔ بدھ کو دنیا بھر میں کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے یوم سیاہ منایا گیا ، اسلام آباد میں بھی اس حوالے سے ریلی نکالی گئی،

جس سے خطاب کرتے ہوئے صدرپاکستان عارف علوی نے کہا کہ آج وہ تکلیف دہ دن ہے جس دن کشمیر مین بھارت نے اپنی فوجیں اتاری، 70 برس گزرچکے کشمیر میں ظلم و بربریت کا خاتمہ نہیں ہورہا۔ صدرپاکستان کا کہنا تھا کہ دنیا نے کشمیر پر اپنی آنکھیں بند کررکھی ہے، کشمیر میں ہزاروں شہید ہوچکے، ہزاروں نابینا و معذور ہوچکے، حریت قیادت جیلوں میں قید ہیں، کشمیری عوام بھارتی مظالم کا مقابلہ کررہے ہیں، اور بھارت کشمیریوں کی نسل کشی کرکے آبادی کا تناسب بدلنا چاہتا ہے، ہندوستان کو شرم نہیں آتی کہ ایک میچ ہارنے پر کشمیریوں پر ظلم کررہا ہے، ہندوستان کو متنبہ کرتا ہوں کہ کشمیر میں مظالم بند کردوورنہ تم خود تباہ ہوجا گے ۔

عارف علوی نے کہا کہ آج ہمیں سید علی گیلانی یاد آرہے ہیں جنہوں نے کہا کہ ہم پاکستان ہیں ، پاکستان ہمارا ہے، ہم کشمیریوں کے ساتھ ہیں ، ہم ہر فورم پر کشمیر کا مقدمہ لڑرہے ہیں، ہم دنیا کو یاد دلاتے ہیں کہ جو وعدہ تم نے کشمیریوں سے کیا تھا اسے پورا کرو، کشمیری عوام سے وعدہ ہے کہ ہم آپ کے ساتھ ہیں انشا اللہ جلد کشمیر آزاد ہوگا، اور کشمیر بنے گا پاکستان، تقسیم ہند کے فارمولا کے تحت کشمیر پاکستان کا حصہ ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close