طویل انتظار ختم ہوا، ن لیگی کارکنان تیاری پکڑ لیں، سابق وزیراعظم نوازشریف کی واپسی کا اعلان کر دیا گیا

اسلام آباد (پی این آئی) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے نواز شریف کی واپسی سے متعلق صحافی کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ جب نواز شریف کا علاج مکمل ہو جائے گا وہ وطن واپس آجائیں گے ۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ وفاقی حکومت جج کی تعیناتی سے متعلق ایسا قانون بنا رہی ہے کہ جج خود بھی پریشان ہیں۔

یہی کیفیت ہر ادارے کی ہے ، اس نظام میں انصاف نہیں ، ہم کوئی ریلیف نہیں مانگیں گے نہ ضرورت ہے ، اس حکومت نے عجلت میں ایک آرڈیننس کے ذریعے قانون بنایا ہے ، دیکھتے ہیں اس پر کیا فیصلہ ہوتا ہے ، ہم نے نہ کوئی پٹیشن دی ، نہ دیں گے ۔ایک صحافی نے سوال کیا کہ وزیر اعظم کے پاک بھارت کرکٹ کے فروغ سے متعلق بیان پر کیا کہیں گے جس پر شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ وزیر اعظم کے بیانات عقل مندی پر مبنی نہیں ہوتے اس لئے نہ دیکھتا ہوں نہ سنتا ہوں ، عمران خان کی بڑی دیرینہ خواہش ہے کہ بھارت سے دوستی ہو جائے ، وہ کرکٹ آگے بڑھانے کی بجائے کشمیر کے مسلمانوں کی بات کریں جو آج بھی بھارت کے ظلم کے تحت جی رہے ہیں ۔

مسلم لیگ ن کی خفیہ ملاقاتوں سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے رہنما مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ ہمیں خفیہ ملاقاتوں کی ضرورت نہیں ، جو بات ہونی ہے عوام کے سامنے ہونی ہے ، تین مہینوں میں روپے کی قیمت پندرہ فیصد گری ہے ، ہر شخص مہنگائی سے تنگ ہے ، کبھی حکومت تو کبھی آئی ایم ایف مہنگائی کی خبر دیتی ہے ، مسلم لیگ ن کسی ڈیل ، کسی سودے ، کسی غیر آئینی کام کا حصہ نہیں بنے گی ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں