لاہور(آئی این پی)پنجاب اسمبلی نے نکاح نامے کے فارم میں ختم نبوت ؐکا حلف شامل کرنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی۔قرار داد مسلم لیگ (ق)کی خدیجہ عمر، بسمہ چوہدری اور مسلم لیگ (ن)کے مولانا الیاس چنیوٹی نے مشترکہ طور پر پیش کی ۔منگل کواسپیکر چوہدری پرویزالہٰی کی صدارت میں پنجاب اسمبلی کا اجلاس ایک گھنٹہ 51منٹ کی غیر معمولی تاخیر سے شروع ہوا۔
اجلاس کے آغاز میں ممتاز ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبد القدیر خان، مسلم لیگ (ن)کے اراکین اسمبلی پرویز ملک ،نشاط احمد ڈاھا کی وفات اور رحیم یار خان میں ڈاکوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہلاک ہونے والوں کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی جبکہ سابق ایم پی اے پیٹر گل کی وفات پر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور اقلیتی رکن طارق گل نے دعا بھی کرائی۔
اجلاس میں مسلم لیگ (ق)کی خدیجہ عمر، بسمہ چوہدری اور مسلم لیگ (ن)کے مولانا الیاس چنیوٹی کی جانب سے نکاح نامے کے فارم میں ختم نبوت ؐ کا حلف شامل کرنے کے لیے پیش کی گئی مشترکہ قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔اجلاس کے دوران یونیورسٹی آف لاہور ترمیمی بل2021، راشد لطیف خان یونیورسٹی بل 2021، پنجاب کمیونٹی سیفٹی میجرز ان اسپورٹس اینڈ ہیلتھ کلبز اور یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور 2021بل پیش کئے گئے جنہیں اسپیکر نے متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کے سپرد کر کے دوماہ میں رپورٹ طلب کرلی۔اسپیکر نے مسلم لیگ (ن)کے رکن پنجاب اسمبلی نشاط احمد ڈاہا کی وفات پر کارروائی مختصر کرتے ہوئے پنجاب اسمبلی کا اجلاس بدھ کی صبح ساڑھے گیارہ بجے تک ملتوی کر دیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں