دبئی (آئی این پی)وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ کرکٹ سیریز کھیلنے کو تیار ہیں لیکن مودی کی اقلیت مخالف ذہنیت کرکٹ میں دوستی کرنے کو تیار نہیں۔دبئی میں موجود وزیر اطلاعات نے کہا کہ مودی کی وجہ سے پاک بھارت تعلقات میں بہتری نہیں آسکی، مودی نے بھارت میں ہر جگہ مسلمانوں کو نشانہ بنایا۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں اشرف غنی کے علاوہ سب کو پتا تھا کہ وہ جانے والے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکا کی افغان معاملے پر اپنی سوچ ہے، افغانستان میں ملٹری آپریشن کیلئے امریکا سے ابھی کوئی معاہدہ نہیں ہوا، امریکا کے ساتھ انسداد دہشت گردی کے سلسلے میں قریبی تعلق و تعاون جاری ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان کی ریاست اور آئین کو تسلیم نہ کرنے والوں کیخلاف لڑائی جاری رہے گی، ٹی ٹی پی کے تین گروہ ہیں، اس کے ساتھ متعدد چھوٹے چھوٹے گروپ ہیں،
ان گروہوں میں بہت سے افراد نظریاتی طور پر ٹی ٹی پی کے ساتھ نہیں، جو معاشی اور ذاتی مسائل کی وجہ سے ٹی ٹی پی سے جڑے ہیں، ان سے بات چیت کے دروازے کھلیں ہیں۔فواد چوہدری نے کہا کہ کرتار پور میں 18 نومبر سے تین روزہ فیسٹول کا آغاز ہو رہا ہے، سکھ برادری کیلئے خصوصی ویزے اور رعایتی ہوٹلز دستیاب ہوں گے، پاکستان ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کو شکست دے گا، پاکستانی کھلاڑیوں کے پاس قومی ہیرو بننے کا نادر موقع ہے۔
علاوہ ازیں اپنی ٹوئٹ میں فواد چوہدری نے کہا کہ پاک بھارت میچ کیلئے جوش و خروش عروج پر ہے، پاکستان جیت کیلئے تیار ہے انشا اللہ۔خیال رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں اتوار 24 اکتوبر کو دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں شام 7 بجے مد مقابل ہوں گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں