لاہور(پی این آئی) مسلم لیگ(ن) نے این اے 133لاہور سے ضمنی الیکشن کے لیے شائستہ پرویز ملک کو اپنا امیدوار نامزد کیا ہے۔تفصیلات کےمطابق شہباز شریف گزشتہ روز مرحوم پرویز ملک کے گھر گئے جہاں انہوں نے اہل خانہ سے تعزیت کی اور شائستہ پرویز ملک کے الیکشن لڑنے کا اعلان کیا۔این اے 133 کی سیٹ پرویز ملک کی وفات کے باعث خالی ہوئی تھی۔ پاکستان تحریک انصاف نے اس حلقہ سے جمشید اقبال چیمہ کو اپنا امیدوار نامزد کیا ہے۔
واضح رہے کہ شائستہ پرویز ملک اس وقت مخصوص سیٹوں پر رکن قومی اسمبلی ہیں جبکہ ان کے بیٹے علی پرویز ملک بھی رکن قومی اسمبلی ہیں۔این اے 133 لاہور کا یہ حلقہ گرین ٹاؤن ، ٹاؤن شپ، ماڈل ٹاؤن، کوٹ لکھپت سمیت دیگر علاقوں پر مشتمل ہے۔ عام انتخابات کے دوران پرویز ملک اس سیٹ سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار اعجاز چوہدری کو شکست دی تھی۔پاکستان مسلم لیگ(ن) کی جانب سے اس سیٹ کے لیے خواجہ حسان، عطا تارڈ سمیت دیگر رہنما بھی ٹکٹ کے خواہش مند تھے۔پاکستان پیپلزپارٹی نے بھی اس حلقہ سے امیدوار سامنے لانے کا اعلان کیا ہے۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے پیپلزپارٹی لاہور کی قیادت کو الیکشن کی بھرپور تیاری کا حکم دیا ہے۔نجی ٹی وی نے دعوی کیا ہے کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے اسلم گل امیدوار ہوسکتے ہیں۔خیال رہے کہ قومی اسمبلی حلقہ این اے 133 میں 5 دسمبر بروز اتوار پولنگ ڈے ہوگا۔
امیدوار 20 سے 25 اکتوبر تک کاغذات نامزدگی حاصل کر سکیں گے، 26 اکتوبر کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری ہو گی، 30 اکتوبر تک سکروٹنی کا عمل مکمل کیا جائے گا، مسترد شدہ کاغذات نامزدگی پر امیدوار 3 نومبرکو اپیل کرسکیں گے، 10 نومبر کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی، 12 نومبر کو انتخابی نشانات الاٹ کردیئے جائیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں