کئی مرتبہ بیٹھ کر ایک خصوصی نوٹ لکھنے کا سوچا لیکن ۔۔۔ نور مقدم کی سالگرہ پر بہن کی دلخراش پوسٹ وائرل

اسلام آباد (این این آئی)رواں سال جولائی میں اسلام آباد میں قتل کی جانے والی نور مقدم کی بہن سارہ مقدم نے انسٹاگرام پر نور کی سالگرہ کے موقع پر دلخراش پوسٹ شیئر کی۔سارہ مقدم نے بہن کی 28 ویں سالگرہ کے کیک کی تصویر شیئر کی اور طویل نوٹ بھی پوسٹ کیا۔انہوں نے نور کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ کئی مرتبہ بیٹھ کر ایک خصوصی نوٹ لکھنے کا سوچا لیکن لکھنے کیلئے الفاظ جمع نہ کرسکی، میں کبھی سوچ بھی نہیں سکتی تھی کہ تمہیں براہ راست سالگرہ کی

مبارکباد دینے کی بجائے یوں نوٹ لکھوں گی۔سارہ مقدم نےلکھا کہ کاش میں اس مرتبہ بھی ہمیشہ کی طرح تمہیں آدھی رات کو سالگرہ وِش کرکے سرپرائز دیتی اور گلے لگا کر بتاتی کہ میں تم سے کتنی محبت کرتی ہوں، مجھے افسوس ہے کہ ہم اس مرتبہ ایک ساتھ کیک نہیں کاٹ سکتے لیکن میں ہر لمحے تمہاری مغفرت کیلئے دعا کرتی ہوں۔انہوں نے لکھا کہ مجھے یقین نہیں ہوتا کہ ہم ایک دوسرے سے جنوری 2020 سے نہیں ملے اور ہمیں اس برس بھی ملاقات کا موقع نہیں مل سکا۔

نور کی بہن نے اپنے طویل نوٹ میں لکھا کہ دنیا بدل دینے کی تمہاری خواہش آج رنگ لا رہی ہے، تم یقیناً ایک بہتر مقام سے دیکھ رہی ہوگی کہ کتنے لوگ تمہیں انصاف دلانے کی کوشش کررہے ہیں۔نوٹ کے آخر میں سارہ مقدم نے کہا کہ تم ہمیشہ میری چھوٹی بہن، ننھا فرشتہ اور ایک بہترین دوست رہو گی اور ہاں یاد رہے کہ بہترین دوست ان ستاروں کی طرح ہوتے ہیں جو بھلے چمکتے ہوئے روشن دکھائی نہ دیں لیکن ہمیں یقین ہوتا ہے کہ وہ اپنی جگہ موجود ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close