کراچی (پی این آئی) اردو لغت میں لفظ “مہنگائی” کے سامنے وزیر اعظم عمران خان کی تصویر لگانے کی تجویز پیش کر دی گئی ہے۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی پیپلز پارٹی کے رہنما مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ اردو لغت میں مہنگائی کے آگے عمران خان کی تصویر لگانی چاہیے، یہ دونوں لازم و ملزوم ہوگئے ہیں، شہری غریب اور شہر کے کچھ لیڈران امیر ہوگئے، عوام کو بتاؤ کہ کس کس کے رشتہ داروں کو کے ایم سی میں ٹھیکے دیے گئے۔
کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا، گلبرگ میں ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے فیملی پارک کا افتتاح کیا اور اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی حکومت پر شدید تنقید کی اور کہا کہ حکومت کی نا اہلی سے ملک میں شدید مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔مرتضیٰ وہاب نے کہاکہ لوگ اختیارات وسائل کی بات کرتے تھے، اختیارات، وسائل وہی ہیں بس نیت تبدیل ہوئی ہے اور جب نیت تبدیل ہوتی ہے تو انتظامیہ سنجیدگی سے کام کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے اعلان کیا تھا کہ پارکس پر میری خصوصی توجہ ہوگی، لوگوں کو معاشی تکلیف اور بے روزگاری کا سامنا ہے، اب دو وقت کی روٹی مشکل ہے تفریح تو دور کی بات ہے۔ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ وسیم اختر روز میرے لیے بیان دے کر چلے جاتے ہیں، جب خود موصوف تھے تو کچھ اورکہتے تھے آج کچھ اور کہتے ہیں، آج 40 سال بعد کے ایم سی لیاقت آباد سپر مارکیٹ ٹھیک کرنے جا رہی ہے۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں