انسانی بنیادوں پر برادر اسلامی ملک کی مدد ! پاکستان نے افغانستان پر اربوں روپے کی بارش کر دی

اسلام آباد(پی این آئی) پاکستان نے افغانستان کو انسانی بنیادوں پر 5ارب روپے کی امداد فراہم کرنے کا اعلان کر دیا۔ پاکستان کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان محمد صادق نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر بتایا ہے کہ ”وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے دورہ کابل کے دوران پاکستان کی طرف سے پانچ ارب روپے کی امدادی اشیاءافغانستان کو فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ان اشیاءمیں خوراک اور ادویات شامل ہوں گی۔“محمد صادق نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر مزید لکھا کہ ”افغان شہریوں کی آسانی کے لیے گیٹ پاس ختم کرنے کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔ طبی بنیادوں پر پاکستان آنے والے افغان شہریوں کو آن ارائیول ویزا دیا جائے گا اور ان کے لیے پی سی آر ٹیسٹ کی شرط بھی ختم کی جا رہی ہے۔ افغان تاجروں کو طورخم بارڈر پر ایک ماہ کا ویزا آمد پر دیا جائے گا اور طورخم بارڈر کو تجارت کے لیے 24گھنٹے جبکہ پیدل آنے والوں کے لیے 12گھنٹے کھلا رکھا جائے گا۔ پاکستان افغانستان کی تجارتی سطح پر مدد کرے گا اور افغان ٹرکوں کو کراچی میں داخل ہونے کی بھی اجازت دی جائے گی۔“

close