کوہلو (پی این آئی) ملک میں قدرتی گیس کے نئے ذخائر دریافت کر لیے گئے، آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی صوبہ بلوچستان کے ضلع کوہلو میں 5 ماہ کی محنت کے بعد گیس ذخائر دریافت کرنے میں کامیاب۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق او جی ڈی سی ایل نے ملک میں توانائی کے نئے ذخائر کی دریافت کے سلسلے میں اہم کامیابی حاصل کی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ بلوچستان کے ضلع کوہلو میں قدرتی گیس کے نئے ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔
بلوچستان کے ضلع کوہلو میں مغلکوٹ فارمیشن پر جندران ویسٹ ایکس 1 سے گیس کے ذخائر دریافت کیے گئے ہیں۔ او جی ڈی سی ایل نے اس مقام پر 19 مئی 2021 کو کھدائی کا عمل شروع کیا اور 5 ماہ کے عرصے کے دوران 1627 میٹر تک کی کھدائی کی گئی۔ اس قدر گہرائی میں کھدائی کرنے کے بعد بالآخر مذکورہ سائٹ سے گیس کے ذخائر دریافت کر لیے گئے۔مذکورہ کنویں سے کنڈنسٹ کے ساتھ ساتھ 2.391 ایم ایم ایس سی ایف ڈی گیس کی پیداوار حاصل ہو گی ۔گیس کے ذخائر کی اس دریافت سے نہ صرف او جی ڈی سی ایل کے گیس کے ذخائر میں خاطر خواہ اضافہ ہو گا بلکہ اس سے ملک میں توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ دوسری جانب ذرائع کے مطابق دنیا بھر میں خام تیل و ایل این جی کی مسلسل بڑھتی ہوئی قیمتوں کے بعد حکومت نے مقامی طور پر تیل،گیس اور ایل پی جی کی پیداوار میں اضافے کی حکمت عملی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے تا کہ در آمدات پر انحصار کم کرکے نہ صرف قیمتی زرمبادلہ بچایا جاسکے۔
بلکہ توانائی کی ملکی ضروریات کے بڑے حصہ کو مقامی وسائل سے پورا کیا جاسکے۔حکومت نے عالمی مارکیٹ میں تیل اور ایل این جی کی بڑھتی قیمتوں کے پیش نظر تیل و گیس کی تلاش میں سرگرم مقامی کمپنیوں کو توانائی کی پیداوار میں اضافے کی ہدایات دی ہیں۔ مقامی کمپنیوں کو رواں مالی سال کے دوران 2 کروڑ90 لاکھ بیرل خام تیل، 1.47 ٹریلین کیوبک فیٹ گیس اور 9 لاکھ 17 ہزار 717 ٹن ایل پی جی کی پیداوار حاصل کرنے کے اہداف دیے گئے ہیں۔ جبکہ گزشتہ مالی سال مقامی کمپنیوں نے دو کروڑ70لاکھ بیرل خام تیل، 1.27 ٹریلین کیوبک فیٹ گیس اور 7لاکھ64ہزار ٹ سے زائد ایل پی جی کی پیداوار حاصل کی تھی ۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں